سورج کتنا گرم ہے ؟

سورج سے ہمیں گرمی اور روشنی ملتی ہے۔ پودے، جانور اور انسان سورج کی حرارت اور روشنی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔ صرف سورج ہی ایک ایسا ستارہ ہے جو زمین سے اتنا قریب ہے کہ ہمیں اس کی حرارت محسوس ہوتی ہے۔ سورج کی روشنی کو زمین تک پہونچنے میں 8.3 منٹ لگتے ہیں۔ دوسرے تمام ستاروں کی طرح ہمارا سورج بھی انتہائی گرم گیسوں کی ایک بہت بڑی گیند ہے۔ سورج کے مرکز میں اس کی تپش سب سے زیادہ ہوتی ہے جہاں اس کا درجہ حرارت تقریباً 15 ملین سینٹی گریڈ ہوتا ہے جبکہ اس کے کناروں والا حصہ مرکز کی نسبت کم گرم ہے یعنی صرف 6 ہزار سینٹی گریڈ۔ اس کے باوجود یہ کسی سب سے گرم چولہے سے 25 گنا زیادہ گرم ہوتا ہے۔ سورج ایک سیکنڈ میں ایندھن سے لدے ہوئے تین کروڑ جتنا ایندھن استعمال کرتا ہے۔سورج کی سطح پر تاریک قطعے جنہیں شمسی دھبے (Sun Spots) کہا جاتا ہے، آتے جاتے رہتے ہیں۔ شمسی دھبے تاریک ہوتے ہیں کیونکہ کم گرم ہونے کی بناء پر سورج کے باقی حصوں سے ان کی روشنی کم ہوتی ہے۔ ایک وقت ایسا آئے گا جب سورج اپنی گیسوں کا سارا ایندھن استعمال کرلے گا اور بجھ جائے گا۔ ماہرین فلکیات کا خیال ہے کہ سورج میں آئندہ 5 ارب سال تک کا ایندھن موجود ہے۔