سنگین الزام پر ایم جے اکبر صفائی دیں یا پھر وزیر کا عہدہ چھوڑدیں : مینکا گاندھی 

نئی دہلی : کانگریس نے جنسی استحصال کے الزام میں گھرے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ایم جے اکبر پر حملہ تیز کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر پر لگے الزام سنگین ہیں او رانہیں ان پر فوری طور پر صفائی دینی چاہئے یا پھر وزیر کا عہد ہ چھوڑدینا چاہئے ۔ کانگریس کا ترجمان جے پال ریڈی نے کہا کہ پریس بریفنگ میں کہا کہ مرکزی وزیر پر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں او رانہیں اخلاقی طور پر ان الزامات کے تعلق سے ملک کو صفائی دینی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ پر اتنے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں تو عہدہ پر کیسے قائم رہ سکتے ہیں ۔کانگریس نے معاملہ کی وسیع جانچ کروانے کامطالبہ کیا ۔خواتین و بہبود اطفال کی مرکزی وزیر منیکا گاندھی نے کہا کہ کسی خاتون کے ذریعہ کسی مرد پر عائد کئے جانے والے جنسی استحصال کے الزامات کو سنجیدگی سے لینا چاہئیے کیونکہ اس معاملہ پر خواتین اکثر بولنے سے گریز کرتی ہیں۔ انہوں نے ایک خانگی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنسی تشدد او رزیادتی اور استحصال کے الزامات کو سنجیدگی سے لینا چاہئے کیونکہ خواتین اس معاملہ پر نہیں بولتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لیکن جب کوئی خاتون اس معاملہ پر بات کرتی ہیں تو یہ سنگین بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو مرد بااختیار ہوتے ہیں وہ اکثر ایسا کرتے ہیں ۔

مینکا گاندھی نے کہا کہ اس معاملہ پر خواتین بولنے سے بچتی نظر آتی ہیں کیونکہ وہ سوچتی ہیں کہ لوگ ان کا مذاق اڑائیں گے او ران کے کردار پر شک کریں گے لیکن اب وہ بول رہی ہیں تو ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔واضح رہے کہ جنسی استحصال کے خلاف شروع ہوئی ’’ می ٹو ‘‘ مہم مسلسل زور پکڑتی جارہی ہیں ۔کئی خواتین جنسی استحصال کے متعلق اپنے تجربات مسلسل شیئر کررہی ہیں ۔اور اپنے مبینہ گنہگاروں کے نام سوشل میڈیا پر شیئر کررہی ہیں ۔اسی ضمن میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ ایم جے اکبر کا نام بھی سامنے آیا ہے ۔ اکبر پر نصف درجن خواتین نے جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے ۔کئی مشہور اخبارات کے ایڈیٹر رہ چکے ایم جے اکبر فی الحال بی جے پی کی طرف سے راجیہ سبھا کے رکن ہیں ۔