سنجے دت، یراواڑہ جیل سے آج باہر آجائینگے

بالی ووڈ کے کھل نائیک، جیل میں کاغذ کے لفافے بنارہے تھے
پونے ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار سنجے دت، 42 ماہ قید میں گذارنے کے بعد کل ایک آزاد انسان کی حیثیت سے یراواڑہ جیل سے باہر آئیں گے۔ 1993ء کے ممبئی سلسلہ وار دھماکوں کے مقدمہ میں مجرم قرار دیئے جانے کے بعد انہیں پانچ سال کی سزائے قید دی گئی تھی۔ جیل حکام کے مطابق انہیں کل رہا کردیا جائے گا۔ 56 سالہ سنجے دت جیل میں حکام کی مہربانیوں کا فائدہ اٹھانے اور دوران قید قواعد کے برخلاف پیرول پر رہائی جیسے کئی الزامات کے سبب تنازعہ کا شکار بھی رہے۔ تاہم ان کے وکیلوں کا کہنا ہیکہ جیل کے ضابطوں کے مطابق ہی ان کی رہائی کے وقفہ میں شامل دنوں کا حساب کیا گیا۔ یراواڑہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ پوٹی پوار نے کہا کہ ’’دت کل (25 فبروری کو) صبح 10 بجے رہا ہوجائیں گے۔ ان کے ساتھ بھی عام قیدیوں جیسا سلوک کیا گیا اور تمام ضابطے استعمال کئے گئے‘‘۔ پوار نے سنجے دت کو ایک مشہور و معروف شخص ہونے کے سبب جیل میں ان کی قید کے دوران خصوصی مراعات دینے یا دیگر عام قیدیوں سے مختلف خصوصی سلوک کئے جانے کی تردید کی۔ مہاراشٹرا کے مملکتی وزیرداخلہ رام شنڈے نے گذشتہ روز کہا تھا کہ سنجے دت کو جیل میں ان کے اچھے رویہ کے سبب آٹھ ماہ اور 16 دن کے استثنیٰ دیا گیا ہے اور کل ان کی رہائی عمل میں آئی ہے۔ سنجے دت کو غیرقانونی طور پر اسلحہ رکھنے کا الزام ثابت ہونے کے بعد مئی 2013ء کے دوران یراواڑہ جیل بھیج دیا گیا تھا۔ پردہ سیمیں کے ’’کھل نائیک‘‘ اور ’’منا بھائی‘‘ کو جیل میں کاغذ کی تھیلیاں بنانے کا کام دیا گیا تھا۔