سمرتی ایرانی نے ملک کے عوام کو گمراہ کیا ہے : غلام نبی آزاد

سرینگر ۔ /28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا کہ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے پارلیمنٹ کے اندر روہت ویمولا کے تعلق سے جو بیان دیا ہے وہ ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے ۔ ویمولا کے کیس اور ان کے بیان میں کئی تضادات پائے جاتے ہیں اور یہ ان کا پہلا کیس ہے کہ انہوں نے قوم کو گمراہ کیا ہے لہذا ان کے خلاف تحریک مراعات پیش کی جانی چاہئیے ۔ لوک سبھا میں 2 یا 3 مرتبہ ایسے بیانات دیئے گئے کہ اس میں کئی تضادات پائے جاتے ہیں ۔ اس لئے سمرتی ایرانی کے خلاف تحریک مراعات پیش ہونی چاہئیے ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ روہت کے خاندان والے بھی کہہ رہے ہیں کہ پولیس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرس وہاں موجود تھے ۔ ڈاکٹر کا بیان سمرتی ایرانی کے بیان سے تضادرکھتا ہے اور پولیس کا بیان بھی مرکزی وزیر کے بیان سے تضادرکھتا ہے ۔ روہت کی والدہ نے بھی ان کے بیان میں تضاد پایا ہے ۔ اس لئے تحریک التواء لازمی ہے ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی واقعہ پر اپوزیشن کے احتجاج پر شدید ردعمل ظاہر کیا تھا ۔غلام نبی آزاد نے کہا کہ سمرتی ایرانی کی تضاد بیانی کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوگئی ہیں۔