سلمان خان کو برسرعام زدوکوب کرنیوالے کو 2 لاکھ کا انعام

نئی دہلی ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) وشوا ہندو پریشد کے سابق بین الاقوامی صدر پروین توگاڈیہ کی تنظیم نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو برسرعام زدوکوب کرنے والے کسی بھی شخص کو 2 لاکھ روپئے رقمی انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ پروین توگاڈیہ کی تنظیم ہندو ہی آگے کے آگرہ یونٹ کے صدر گوند پراشر نے الزام عائد کیا کہ سلمان خان کی پروڈکشن فلم ’’لوراتری‘‘ نے نوراتری کی توہین کی ہے۔ نوراتری ایک ہندو فیسٹیول ہے اس سے ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے آگرہ کے بھگوان ٹاکیز پہنچ کر سلمان خان کی فلم کے پوسٹرس جلادیئے۔ اس فلم کو سلمان خان نے پروڈیوس کیا ہے لیکن اس کے عنوان سے ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ہم سلمان خان کی اس حرکت کی مذمت کرتے ہیں۔ بجرنگ دل کے ارکان نے بھی احتجاج کیا۔ گوند پراشر بھی سابق میں بجرنگ دل کے رکن تھے۔ انہیں دسہرہ کے دوران برسرعام آتشی اسلحہ کا مظاہرہ کرنے کی پاداش میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ انہوں نے فلم پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔