سلمان خان پر مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کا الزام

حیدرآباد /20 دسمبر (این ایس ایس) حیدرآباد سٹی پولیس نے عدالت کی ہدایت پر بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے خلاف آج ایک فوجداری مقدمہ درج کرلیا۔ حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انوراگ شرما نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’بگ باس‘ ریالیٹی شو میں بعض قابل اعتراض تبصروں سے مسلم طبقہ کے مذہبی جذبات مجروح ہونے کی شکایت کے ضمن میں چھٹویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی ہدایت پر سلمان خان اور ڈائرکٹر رجت روالی کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد مقدمہ پر مزید پیش رفت کی جائے گی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایک مقامی بزنس مین محمد فصیح الدین نے چھٹویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے اجلاس پر شکایت دائر کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ بگ باس کے اداکار سلمان خان اور ڈائرکٹر رجت روالی کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا جائے۔ درخواست گزار نے دعویٰ کیا تھا کہ بگ باس ریالیٹی شو میں چند قابل اعتراض مکالمات ہیں، بالخصوص ’سورگ‘ (جنت) ’نرک‘ (دوزخ) کے حوالے دیئے گئے ہیں، جس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوتے ہیں، کیونکہ ان دونوں الفاظ کا تعلق اسلام سے ہے۔
درخواست پر ابتدائی بحث کے بعد فاضل مجسٹریٹ نے ریالیٹی شو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے فلک نما پولیس ہدایت کی۔