سعید کی گھر پر نظربندی ، صرف آنسو پونچھنا : بی جے پی مفادات سے متعلق پالیسی فیصلہ : پاکستانی فوج

نئی دہلی/ لاہور۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی قائدین نے ممبئی حملے کے کلیدی سازشی حافظ سعید کی گھر پر نظربندی کو ’’صرف آنسو پونچھنا‘‘ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ پر مقدمہ چلایا جانا چاہئے اور اسے ہندوستان کے حوالے کردینا چاہئے۔ مرکزی وزیر کرن رجیجو نے حافظ سعید کے خلاف فردِ جرم عائد کرنا کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حافظ سعید کی نظر بندی کافی نہیں ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔ لاہور سے موصولہ اطلاع کے بموجب پاکستانی فوج نے کہا کہ حافظ سعید اور جماعت الدعوۃ کے دیگر چار قائدین کی ان کے گھروں پر نظر بندی حکومت کا ایک پالیسی فیصلہ ہے جو ملک کے مفادات پر مبنی ہے۔ پاکستانی پنجاب کی وزارت داخلہ نے کل مرکزی وزارت داخلہ کو اطلاع دی تھی کہ 27 جنوری سے حافظ سعید اور دیگر چار افراد عبداللہ عبید، ظفر اقبال، عبدالرحمن عابد اور قاضی کاشف نیاز کو ان کے گھروں پر نظر بند کردیا گیا ہے۔ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ حالانکہ وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں لیکن حکومت نے انہیں لاہور میں ایک ہی گھر میں نظر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔