سعودی عرب کی طالبات لائسنس کی دوڑ میں شامل خواتین کیلئے ڈرائیونگ فیس 25,00 ریال؟

مکہ مکرمہ۔ 30 ۔ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بیرون مملکت زیر تعلیم سعودی طالبات نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے شاہی فرمان کے اجر ا کے بعد بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی کا رروائی شروع کردی۔’’الوطن‘‘ اخبار نے اس حوالے سے تازہ ترین رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ سعودی طالبات ڈرائیونگ سیکھنے کیلئے خصوصی اسکولوں میں اندراج کرارہی ہیں۔ انہوں نے انٹر نیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی درخواستیں بھی دیدی ہیں تاکہ مملکت واپس آنے پر سعودی عرب میں اپنی گاڑیاں خود چلا سکیں۔بحرین میں ڈرائیونگ اسکولوں کے نام نہاد کارندے سعودی خواتین کو 2500ریال فیس لیکر ڈرائیونگ سکھانے کی پیشکشیں کرنے لگے۔ مکہ اخبار کے مطابق یہ لوگ پرکشش اشتہارات دے رہے ہیں۔تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ جو لوگ یہ اشتہار دے رہے ہیں ان کا بحرین کے ڈرائیونگ اسکولوں سے براہ راست کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ 2گھنٹے ڈرائیونگ سکھائیں گے اور 45دن میں ٹریننگ کورس مکمل کرادیں گے۔سعودی خواتین سے کہا گیا ہے کہ وہ اس قسم کے لوگوں کے فریب میں نہ آئیں۔