سعودی عرب میں کرپشن کے ’کینسر‘ کو ختم کرنے اصلاحات

مملکت میں لوٹ مار کو روکنے کے سخت اقدامات ‘ شاہی فرامین نئے تاریخی دور کی روشن نشانی :محمد سلمان
واشنگٹن / ریاض ۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد سلمان نے کہا کہ گذشتہ سال کے اواخر میں انسداد رشوت ستانی اقدامات شروع کئے گئے تھے ۔ ان اقدامات کا مقصد مملکت سعودی عربیہ سے کرپشن کے ’ کینسر ‘ کا خاتمہ کرنا تھا ۔ بدعنوان افراد کو ’’ شاک تھراپی ‘‘ دینا لازمی تھا کیونکہ یہ بدعنوانیاں تیزی سے پھیل چکی تھی ۔ ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے واشنگٹن پوسٹ کو دیئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ آپ کے پاس جسم ہے جس کے اندر ہر جگہ کینسر پھیلا ہوا ہے اور یہ کینسر ہمارے ملک میں کرپشن کے طور پر پھیلا ہوا ہے ۔ اس کا علاج کرنا ضروری تھا ۔ کینسر کے جراثیم کو ختم کرنے کیلئے برقی شاک دیئے جاتے ہیں اور ہم نے یہی کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عربیہ میں جاری لوٹ مار کو روکے بغیر ہم اپنے بجٹ نشانہ کو پورا نہیں کرسکتے تھے ۔ سعودی عرب میں حالیہ کی گئی تبدیلیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ شاہی فرامین کے اعلان کے بعد سعودی عرب کی تاریخی کامیابی کی جانب پیشرفت ہوئی ہے ۔

محمد سلمان سعودی عرب می اصلاحات لانے والے اصل روح رواں ہیں ۔ انہوں نے اپنے عمر رسیدہ والد شاہ سلمان کی زیر سرپرستی کئی جرات مندانہ اقدامات کئے ہیں ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی فرامین جاری کرتے ہوئے ایک بار پھر پوری دنیا کو بتا دیا کہ سعودی قیادت اپنے ملک میں تمام شعبوں اور اداروں کی ترقی کیلئے ہمہ تن کوشاں ہیں ۔ شاہی فرامین نئے تاریخی دور کی جانب پیشرفت کرنے اور روشن مستقبل کی نشاندہی کرتے ہیں ۔نیا دور سعودی محکموں اور اداروں کی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا طلب گار ہے ۔ محمد سلمان کے ویژن 2030 کو عملی جامہ پہنانے کیلئے یہ اقدامات ناگزیر تھے ۔ سعودی عرب کو درپیش چیالنجس سے نمٹنے کے سلسلہ میں سعودی عوام اور قائدین کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آنا ضروری ہے ۔ حکومت سعودی عرب نے اپنے ملک کو تیل کی دولت پر انحصار کرنے کے بجائے دیگر متبادل وسائل کی جانب توجہ دینے کی فکر لاحق ہوگئی تھی ۔ آنے والے دنوں میں سعودی عرب کی معیشت تیل کی دولت پر منحصر نہیں رہے گی بلکہ دیگر شعبوں کو ترقی دے کر اس کے وسائل متحرک کئے جائیں گے ۔ سعودی قیادت کو اس باتک ا احساس اور ادراک ہے کہ تیل پیدا کرنے والے اور خریدنے والے ممالک کے مفادات میں توازن برقرار رکھنا ضروری ہے ۔ سعودی عرب کے ماہرین کی صلاحیتوں کا استعمال کرنے اور عوام کی آرزوؤں کی تکمیل کیلئے زبردست جدوجہد موجودہ دور کی روشن پہچان ہیں ۔ سعودی قیادت نے زیادہ سے زیادہ ترقی اور پیشرفت کیلئے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے عزم و استقلال کو دیکھتے ہوئے یہ یقین ہوگیا ہے کہ وہ اپنی حکمت عملی کو آگے بڑھانے میں کامیاب ہوں گے اور سعودی عرب کا مستقبل روشن رہے گا ۔