سعودی عرب میں متاثرہ ورکرس کو ’’ایگزٹ ویزا‘‘ کی فراہمی

تنخواہوں کی ادائیگی کا بھی جائزہ لینے حکام کا تیقن ، ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے 5 کیمپس کا قیام

وی کے سنگھ کا عنقریب دورہ، واپسی کیلئے انتظامات پر غور
ہندوستانی ہم وطنوں کی مدد کریں، سشما کی اپیل
جدہ/ نئی دہلی ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں فاقہ کشی کا شکار ہزاروں ہندوستانیوں کو سنگین مسائل کا سامنا ہے ۔ روزگار سے محرومی کے بعد یہ لوگ کھانے کو ترس رہے ہیں ۔ یہاں ہندوستانی سفارتخانہ اور ہندوستانی برادری کی جانب سے فاقہ کشوں کو غذا سربراہ کی گئی ۔ ہندوستانی قونصل خانہ نے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ قونصل خانہ نے یہاں مقیم ہندوستانیوں کے تعاون سے فاقہ کش ہندوستانیوں کو غذا سربراہ کی گئی ہے ۔ تمام پانچ کیمپوں سوماسٹی ، سیٹن ، مکرونا ، سوجکس ہائی وے طائف میں ان ہندوستانیوں کو غذا فراہم کی گئی اور ان کی دیگر ضروریات کا انتظام کیا گیا ۔ گزشتہ چار دن سے یہ لوگ فاقہ کشی کررہے تھے ۔ انسانیت کی بنیاد پر زائد از 10000 ہندوستانی ورکرس کو حکومت ہند نے امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ۔مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ امور خارجہ وی کے سنگھ عنقریب سعودی عرب کا دورہ کریں گے جہاں وہ بے روزگار ورکرس کے سلسلے میں حکام سے بات کریں گے ۔

اس کے علاوہ ایک اور منسٹر آف اسٹیٹ امور خارجہ ایم جے اکبر نے بتایا کہ سعودی حکام نے متاثرہ ہندوستانی ورکرس کو ’’ایگزٹ ویزا ‘‘ کی فراہمی اور تنخواہوں کی ادائیگی پر غور و خوص کا تیقن دیا ہے ۔ سعودی عرب میں روزگار سے محرومی کے بعد یہ لوگ غذائی قلت کا شکار ہوگئے ۔ اس اطلاع کے بعد حکومت ہند نے خلیجی ملک میں اپنے سفارتخانہ کو حکم دیا کہ وہ فوری ان فاقہ کش ہم وطنوں کو غذا اور دیگر امداد فراہم کرے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے سعودی عرب میں مقیم 30 لاکھ ہندوستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ہموطنوں کی مدد کو آگے آئیں ۔

ساتھی بھائیوں اور بہنوں کی اس پریشانی کے وقت مدد کریں ۔ یہ ہندوستانی قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم پریشان حال افراد کو راحت پہونچائیں ۔ سشما سوراج نے بھی کہا تھا کہ سعودی عرب اور کویت میں ہزاروں ہندوستانیوں کو اپنے روزگار اور تنخواہوں سے متعلق مختلف مسائل کا سامنا ہے اور اب یہ معاملہ نہایت ہی سنگین ہوگیا ہے ۔ ان کا یہ ابتدائی ردعمل ایک شخص کی جانب سے ٹوئیٹ کردہ پیام کے بعد سامنے آیا ۔ جس میں اس شخص نے لکھا تھا کہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں گزشتہ 3 دن سے 800 ہندوستانی فاقہ کشی کا شکار ہیں اور ان کی مدد کی خواہش کی تھی ۔ سشما سوراج نے اپنے بیان میں کہا کہ میں آپ کو تیقن دیتی ہوں کہ سعودی عرب میں بیروزگار کسی بھی ہندوستانی ورکر کو بھوکا رہنے نہیں دیا جائے گا اور فاقہ کشی کی نوبت نہیں آئے گی ۔ میں خود اس صورتحال پر گھنٹوں کی اساس پر نظر رکھی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور کویت میں ہندوستانیوں کی بڑی تعداد روزگار سے محروم ہوئی ہے ۔ انہیں تنخواہیں بھی نہیں ملی ہیں ۔ ان کے آجرین نے اپنی فیکٹریاں بند کردی اور یہ لوگ کئی مہینوں کی تنخواہوں سے محروم ہوگئے ۔ سشما سوراج نے بتایا کہ سعودی عرب میں پھنسے ہوئے بیروزگار ہندوستانیوں کو وطن واپس لانے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس کے لئے متبادل انتظام کردیا جائے گا ۔حکومت نے کہا کہ 10 ہزار ہندوستانی ورکرس کو بروقت راحت پہونچانے کے بعد ہندوستان واپس لایا جائے گا ۔ اس کے لئے یہاں سے ایک وزیر کو روانہ کیا جارہا ہے ۔