سعودی عرب میں عام معافی ، استفادہ کیلئے تارکینِ وطن کی طویل قطار

ریاض ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی حکومت کی جانب سے اقاموں اور لیبر کی خلاف ورزیوں کے مرتکب تارکینِ وطن کے لیے عام معافی کے اعلان کے بعد محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر میں غیرملکیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں۔سعودی حکومت نے ویزے کی مختلف خلاف ورزیوں کے مرتکب غیرملکیوں کو کسی جرمانے یا سزا کے بغیر رضا کارانہ طور پر ملک چھوڑنے کی پیشکش کی ہے۔ وہ آئندہ تین ماہ کے دوران میں محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر میں اندراج کے بعد کسی سزا کے بغیر اپنے آبائی ممالک کو لوٹ سکتے ہیں۔اس مہم کا بدھ سے آغاز ہوا ہے اور دو روز میں سیکڑوں کی تعداد میں تارکین وطن نے سعودی عرب سے واپس جانے کیلئے درخواست دائرکی ہیں۔ ویزے کی خلاف ورزیوں کے مرتکب جو غیرملکی اس عام معافی سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے،انھیں مختلف سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا اور پھر انھیں سعودی مملکت سے زبردستی بے دخل کردیا جائے گا۔سعودی حکام نے دفاتر میں رش سے بچنے اور درخواست گزاروں کی مدد کیلئے غیر معمولی اضافی انتظامات کیے ہیں۔ ویزے کی خلاف ورزیوں کے مرتکب غیرملکی وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر اس معافی سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنے ناموں کا اندراج کراسکتے ہیں اور وہ اپنے آبائی ممالک کو واپسی کے ویزے کے حصول کیلئے دفتری کارروائی کی بروقت تکمیل کی غرض سے ملاقات کیلئے وقت لے سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں ویزے کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں مکہ کے علاقے میں کی گئی ہیں۔ وہاں درخواست گزاروں کے رش سے نمٹنے کیلئے محکمہ پاسپورٹ نے اضافی انتظامات کیے ہیں اور مکہ کے علاقائی ڈائریکٹر جوازات میجر جنرل عبدالرحمان الحربی ذاتی طور پر ان انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔مکہ ریجن میں محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان محمد الحسین نے بتایا ہے کہ ’’ تمام امور منصوبے کے عین مطابق نمٹائے جارہے ہیں‘‘۔ سعودی عرب میں غیرملکی سفارتی مشنوں نے بھی اپنے اپنے شہریوں کی مدد کیلئے انتظامات کیے ہیں۔دارالحکومت الریاض میں فلپائن کے سفارت خانے اور جدہ میں قونصل خانے نے گذشتہ تین روز سے درخواست گزاروں کی مدد کیلئے کیمپ لگا رکھے ہیں۔ ہندوستانی سفارت خانے نے بھی ویزے کی خلاف ورزیوں کے مرتکبین کی وطن واپسی کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے ہیں اور سفیر احمد جاوید بہ ذات زائرین سے براہ راست رابطے میں ہوتے ہیں اور وہ کسی قسم کی رکاوٹ کے بغیر ان کی مدد کررہے ہیں۔عام معافی کے پہلے روز جدہ میں 350 سے زیادہ درخواست گزاروں نے بھارتی قونصل خانے سے رجوع کیا تھا۔قونصل خانے نے سات کاؤنٹر قائم کیے ہیں جہاں عملہ ہنگامی سرٹیفکیٹس کے اجراء کیلئے درخواستیں وصول کررہا ہے اور درخواست گزاروں کی پاسپورٹ دفاتر سے خارجی ویزوں کے حصول کیلئے بھی معاونت کررہا ہے۔