سعودی صحافی کے قتل کامعاملہ :خشوگی کے قتل میں ملوث افراد کے امریکی ویزے منسوخ کردئے جائیں گے :۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ 

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سعودی صحافی کو قتل کرنے میں ملوث افراد کے امریکی ویزے منسوخ کرنے کی دھمکی دی ہے ۔اسی تناظر میں امریکی وزیر خارجہ نے بھی خشوگی قتل پر سعودی عرب پر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ترک صدر رجب طیب اردغان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ۔

اس دوران انہوں نے صدر ترکی سے کہا کہ سعودی حکام کی جانب سے جمال خشوگی کے قتل کو جس انداز میں چھپانے کی کوشش کی گئی ہے وہ اپنی نوعیت کی ند ترین مثال ہے۔ٹرمپ نے اس گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ ایسے تمام افراد کے امریکی ویزے منسوخ کردئے جائیں گے جو خشوگی کے قتل میں ملوث ہیں۔ قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر جمال خشوگی کے قتل میں سعودی عرب کی حکومت ملوث ہوئی تو اس کے بد ترین نتائج سامنے آسکتے ہیں ۔ اسی دوران امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ جمال خشوگی کے قتل میں ملوث اکیس افراد کے ویزے منسوخ کرنے یا ان کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی جائے گی ۔