سعودی شاہی قیادت اور کابینہ میں ردوبدل، محمد بن نائف نئے ولیعہد

ریاض ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) خادم الحرمین شریفین سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے آج ایک شاہی فرمان جاری کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی قیادت میں چند نئے تقررات کے علاوہ کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کئے ہیں۔ ولیعہد مقرن کو ان ہی کی درخواست پر اس عہدہ سے سبکدوش کردیا گیا ہے اور نائب ولیعہد محمد بن نائف نائب وزیراعظم وزیرداخلہ کو شہزادہ مقرن کے بجائے نیا ولیعہد مقرر کیا گیا ہے۔ پرنس محمد کو نائب وزیراعظم بھی مقر کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ انہیں وزیرداخلہ و صدرنشین سیاسی و سلامتی امور کونسل کے عہدوں پر بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ پرنس محمد بن سلمان کو جو وزیردفاع ہیں، نائب ولیعہد اور نائب وزیراعظم دوم مقرر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وہ بحیثیت وزیردفاع اور صدرنشین اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل کے موجودہ عہدوں پر بھی برقرار رہیں گے۔ شاہ سلمان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ان دونوں شہزادوں سے آج بیعت (عہد وفاداری) لیں۔ ایک طویل عرصہ سے وزیرخارجہ کے عہدہ پر فائز پرنس سعود الفیصل کو طبی وجوہات کے پیش نظر ان کی درخواست پر ہی اس عہدہ سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔ امریکہ کیلئے سعودی سفیر مقننہ واشنگٹن عادل الجبیر اب بحیثیت وزیرخارجہ پرنس سعودالفیصل کے جانشین ہوں گے۔ تاہم پرنس سعود کو وزیرمملکت، رکن کابینہ، مشیر اور خصوصی شاہی قاصد مقرر کیا گیا ہے نیز وہ امورخارجہ کے نگران بھی رہیں گے۔

وزیر لیبر عادل فقیہہ کو محمد الجسیر کے بجائے وزیرقومی معیشت و منصوبہ بندی مقرر کیا گیا ہے۔ الجبیر کو وزارتی قلمدان کے ساتھ مشیرشاہی دربار مقرر کیا گیا ہے۔ حمد بن عبدالعزیز السویلم کو وزیر کے درجہ کے ساتھ شاہی دربار کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جو پرنس محمد بن سلمان کی جگہ لگیں گے۔ شاہ سلمان نے فوجی و سیکوریٹی شعبوں سے وابستہ تمام ملازمین و افسران کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس دینے کا حکم بھی دیا۔ خانگی (کنٹراکٹ) ملازمین اور ٹیکنیشنس بھی بونس کے مستحق ہوں گے۔ سربراہ کو وزیرصحت مقرر کیا گیا ہے۔ ایک شاہی فرمان میں یہ اعلان کیا گیا۔ آرامکو کے سربراہ خالد الفالح کو وزیرصحت بناتے ہوئے مہلک مئیرس وائرس کے خلاف مملکت کی جدوجہد میں قیادت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وہ اپنے ملک کے جنوبی حصہ میں واقع مختلف دواخانوں کی نگرانی کریں گے جہاں یمن سے متصلہ سرحدی علاقوں پر مارچ سے جاری جھڑپوں میں زخمی ہونے والوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ تیل کی پیداوار اور برآمدات کے اعتبار سے آرامکو دنیا کی سب سے بڑی آئیل کمپنی ہے، جس کے سربراہ خالد الفالح تھے لیکن اس کمپنی نے فوری طور پر یہ اعلان نہیں کیا ہیکہ ان کے جانشین کوئی ہوں گے۔ اس کمپنی کے ویب سائیٹ کے مطابق فالح 2009ء سے اس ادارہ کے صدر اور سی ای او تھے۔ تین دہائیوں پر محیط ان کا کیریئر سعودی آرامکو سے وابستہ رہا ہے جہاں وہ اس کمپنی کے 60,000 ملازمین کے سربراہ تھے۔ گذشتہ ایک سال کے دوران مقرر کئے جانے والے وہ چوتھے وزیرصحت ہیں جو احمد الخطیب کے جانشین ہوں گے جنہیں شاہ سلمان نے جنوری میں ردوبدل کے موقع پر مقرر کیا تھا۔