سشما سوراج کی شاہ اردن عبداﷲ دوم سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 28 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر برائے امور خارجہ سشما سوراج نے چہارشنبہ کو ہندوستان کے دورہ پر آئے ہوئے اردن کے شاہ عبد اللہ دوم بن الحسین سے ملاقات کی اور دونوں نے تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے والے امور پر تبادلہ خیال کیا۔تاریخی روابط مزید مضبوط ہو رہے ہیں!وزیر برائے امور خارجہ نے اردن کے شاہ عبد اللہ دوم بن الحسین سے تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے ، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع اور سیکورٹی، سیاحت اور عوام سے عوام کے رابطوں کے بارے میں بات کی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹویٹ کیا۔اردن کے شاہ یہاں منگل کو تین روزہ دورے پر ہندوستان آئے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ رسمی مذاکرات کے علاوہ، دورہ کے آخری دن یکم مارچ کو صدر رام ناتھ کووند ، شاہ کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کریں گے ۔ شاہ الحسین یکم مارچ وگیان بھون میں انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کی جانب سے منعقدہ ’’تفہیم اور اعتدال پسندی کو فروغ دینے ‘‘پر خصوصی خطبہ دیں گے ۔ذرائع کے مطابق، ہندوستان کی تکثیریت اور دہشت گردی کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ اور اسلام پسند گروپوں کے اثرات پر قابو پانے میں کامیابی پر خطاب میں روشنی ڈالی جائے گی۔ اردن کے بادشاہ کی آمد پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا تھا۔وزیر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان اردن کے ساتھ اپنے تعلقات کو کافی اہمیت دیتا ہے ۔