سشما سوراج سے پاکستانی ہائی کمشنر کی ملاقات

کلبھوشن کے مسئلہ پر بات چیت کی اطلاعات محض قیاس آرائی : نفیس ذکریا
اسلام آباد۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے کہا کہ اس کے ہائی کمشنر سہیل محمود نے وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی لیکن ان دونوں کے درمیان کلبھوشن جادھو کے مسئلہ پر تبادلہ خیال سے متعلق میڈیا رپورٹس کو قیاس پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سشما سوراج نے سہیل محمود سے کہا تھا کہ باہمی تعلقات میں پیشرفت کیلئے جادھو کے خلاف تمام الزامات واپس لینے اور اس کو وطن واپس کیا جائے۔ 46 سالہ جادھو کو پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے دہشت گردی اور جاسوس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر اپریل میں سزائے موت دی گئی، لیکن بین الاقوامی عدالت نے ہندوستان کی اپیل پر مئی میں اس کی سزائے موت پر تعمیل کو روک دیا تھا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے توثیق کی کہ سشما سوراج اور سہیل محمود نے 17 اکتوبر کو ملاقات کی تھی لیکن کہا تھا کہ یہ پاکستانی سفارت کار کی ایک حسب معمول کی ملاقات تھی جنہوں نے ہائی کمشنر ہوئے ہند کی حیثیت سے حال ہی میں اپنا عہدہ سنبھالا ہے۔نفیس ذکریا نے ’’دوران ملاقات باہمی تعلقات پر وسیع تر مذاکرات کئے گئے کوئی مخصوص موضوع ہی زیربحث نہیں تھی چنانچہ ہندوستانی میڈیا کی رپورٹس محض قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری اور خوشگوار ماحول میں بات چیت کی گئی۔ ہندوستانی وزیر خارجہ اور پاکستانی ہائی کمشنر، پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔