سسٹم کو بدل دوں گا ‘ رجنی کانت کی نئی سیاسی پارٹی کا قیام ، مداحوں کا جشن

چنئی 31 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ہند کی فلموں کے سپر اسٹار رجنی کانت نے سیاسی پارٹی قائم کرنے کا آج اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست میں اچھی حکمرانی اور مثبت تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ رجنی کانت نے اس موقع پر کہا کہ ان کی پارٹی آئندہ اسمبلی کی تمام 234 سیٹوں پر انتخاب لڑے گی اور ریاست میں اچھی حکمرانی اور مثبت تبدیلی لائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ تین سال کے اندر ایسا نہیں کر پائے تو چیف منسٹرکے عہدہ سے استعفی دے دیں گے ۔سپر اسٹار نے کہا کہ فی الحال سیاستدان لوگوں کو ان کی ہی زمین پر انہی کے پیسے لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی بلدیات کا الیکشن نہیں لڑیں گے کیونکہ ان کے پاس وقت نہیں بچا ہے ۔ رجنی کانت نے کہا، ’’سچائی، کام اور ترقی ان کی پارٹی تین منتر ہوں گے ۔ فی الحال ریاست میں جمہوریت خراب دور میں ہے اور دوسری ریاستیں ہماری ریاست کا مذاق اڑاتی ہیں۔ اگر میں اب بھی سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ نہیں لیتا تو خود کو مجرم سمجھتا۔‘‘ سپرا سٹار کے اس اعلان کے ساتھ ہی ان کے حامیوںمیں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔رجنی کانت کے پارٹی بنانے کے اعلان کے بعد لوگ جگہ جگہ جشن منا رہے ہیں۔ جانے مانے اداکار انوپم کھیر نے سپر اسٹار کے اس قدم کا خیر مقدم کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ’’سال کا آخری دن سال کی سب سے بڑی خبر لایا ہے ۔رجنی کانت سیاست میں آ رہے ہیں، جئے ہو۔‘‘ اس دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے سبرامنیم سوامی نے ٹوئٹ کیا، ’’رجنی کانت نے صرف سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ ان کے پاس کوئی تفصیلی معلومات یا دستاویزات نہیں ہے ۔ ان کے پاس تعلیم نہیں ہے ۔ یہ صرف میڈیا میں بحث کا موضوع ہے ، تاملناڈو کے عوام سمجھدار ہیں۔‘‘
مسٹر رجنی کانت کے سیاست میں آنے کے فیصلہ پر انا دراوڑ منتر کشگم (انا ڈی ایم کے ) کے سینئر لیڈر اور ریاست کے مچھلی پروری کے وزیر ڈی جے کمار نے کہا، "ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے ۔کوئی بھی سیاست میں آ سکتا ہے ۔ اسے قبول کرنا یا نہ کرنا تو لوگوں پر منحصر ہے ۔ لوگ ہی جج ہوتے ہیں”۔ہینڈ لوم کے وزیر او ایس منین گپتنم نے صحافیوں سے کہا کہ67 سال کے رجنی کانت کی صحت کو دیکھتے ہوئے ہو سکتا ہے کہ سیاست ان کے لئے مثالی جگہ نہ ہو”۔