سری لنکا میں کرفیو کے باوجود 45سالہ مسلم شخص کا قتل

کولمبو۔14مئی(سیاست ڈاٹ کام) مسلم کش فسادات شروع ہونے کے بعد نافذ کرفیو کے باوجود نامعلوم افراد نے سری لنکا میں ایک مسلمان شخص کو قتل کر دیا۔ سری لنکا کے حکام کے مطابق مذکورہ 45سالہ مسلمان شخص پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا گیا، جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔واضح رہے کہ ایسٹر دھماکوں کے بعد سری لنکا کے مختلف علاقوں میں صورت حال کشیدہ ہے جس کے پیش نظر مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر پابندی لگادی گئی ہے ۔غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے بعض اضلاع میں مسلم کش فسادات پھوٹ پڑے ہیں، جن کے دوران مسلمانوں کی املاک کو نذر آتش کیا گیا اور مساجد کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فسادات کے دوران مسلمان شہریوں نے پولیس اسٹیشنز میں پناہ لے کر اپنی جانیں بچائی ہیں۔پولیس نے فسادات میں ملوث درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا ہے تاہم زیر حراست افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے ۔