سرمایہ کاروں کیلئے ملائیشیا میں زبردست مواقع: نجیب رزاق

ہندوستانی صنعت کاروں سے فائدہ اُٹھانے کی اپیل، بزنس میٹ سے وزیراعظم ملائیشیا کا خطاب

چینائی 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا ئی وزیراعظم نجیب رزاق نے آج ہندوستان کے سرمایہ کاروں سے کہاکہ اُن کے ملک میں دستیاب تجارتی مواقع کا فائدہ اُٹھائیں۔ نجیب 6 روزہ دورہ ہند پر کل پہونچے ہیں۔ اُنھوں نے یہاں راؤنڈ ٹیبل بزنس میٹ میں صنعتی شخصیتوں سے ملاقات کی۔ ملائیشیا ئی پی ایم او نے اپنے سرکاری فیس بُک پیج پر اِس میٹنگ کے تعلق سے کہاکہ نجیب نے اپنے خطاب میں سرمایہ کاروں سے ملائیشیا  کے تجارتی مواقع کا فائدہ اُٹھانے کی اپیل کی۔ جبکہ ملائیشیا  باہمی کلیدی پارٹنرشپ میں تیزی پیدا کرتے ہوئے اُسے عظیم تر بلندیوں تک پہنچانا چاہتا ہے۔ نجیب نے کہاکہ ہندوستانی انوسٹرس جنوب مشرقی ایشیائی خطہ میں اپنے موقف کو مزید مضبوط کرنے کے لئے ملائیشیا  کے اہم محل وقوع فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔ مہمان لیڈر نے کہاکہ ملائیشیا ء بیرونی سرمایہ کاری کے لئے بدستور پسندیدہ منزل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کے ملک کی متنوع معیشت اور طاقتور انفراسٹرکچر ہے، اس کے علاوہ رابطہ کے معاملہ میں اچھی سرویس بھی فراہم ہے۔ چنانچہ ہندوستان اور ملائیشیا  کے درمیان معاشی روابط کو مزید مضبوط کرنے کی وسیع تر گنجائش موجود ہے۔ اُنھوں نے ہندوستانی صنعت سے ملائیشیا  کی پیش کردہ دولتِ مواقع کا فائدہ اُٹھانے کی اپیل کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ ملائیشیا  نے پرنسپل ہب اسکیم متعارف کرائی ہے جو بین الاقوامی فرمس کو وسائل سے بہتر استفادے میں مدد ہوتی ہے۔ اس راؤنڈ ٹیبل مباحث کا اہتمام ملیشین اسوسی ایٹیڈ انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کیا تھا۔ ہندوستان اور ملائیشیا  کے درمیان باہمی تجارت سرکاری تخمینوں کے مطابق 2014-15 ء میں 16.93 بلین امریکی ڈالر رہی۔ ملائیشیا  سے اہم درآمدات میں پام آئیل اور پام پر مبنی اشیاء، الیکٹریکل اور الیکٹرانک پراڈکٹس، خام پٹرول، دھاتی اور کیمیائی اشیاء شامل ہیں۔ ہندوستان اِس جنوب مشرقی ایشیائی قوم کو پٹرولیم، زرعی، دھاتی اور کیمیائی اشیاء، مشینری اور دیگر ساز و سامان برآمد کرتا ہے۔

 

نجیب رزاق اور رجنی کانت کی ملاقات
چینائی 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیائی وزیراعظم نجیب رزاق اور اُن کے ارکان خاندان نے آج ٹامل میگا اسٹار رجنی کانت سے یہاں اُن کی قیامگاہ سے ملاقات کی۔ اپنی گھنٹہ طویل غیر رسمی میٹنگ کے دوران اُنھوں نے اور باتوں کے علاوہ اُن کی فلم کبالی پر تبادلہ خیال کیا جس کا بڑا حصہ ملائیشیا میں فلمایا گیا ہے۔ رجنی کانت نے رزاق کے ساتھ اپنی میٹنگ کے بعد میڈیا کو بتایا کہ یہ خیرسگالی دورہ ہوا اور میں نے اُنھیں میرے گھر مدعو کیا تھا۔ ’’میں شکر گزار ہوں کہ اُنھوں نے میری دعوت قبول کی اور چائے پر میرے ساتھ شامل ہوئے۔ میں ملائیشیائی وزیراعظم سے اُس ملک میں میری شوٹنگ کے دوران ملاقات نہیں کرپایا تھا‘‘۔