سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل

اسلام آباد۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف آج اسپتال سے واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیئے گئے کیونکہ ان کی صحت میں بہتری پیدا ہوگئی۔ 68 سالہ نواز شریف پی آئی ایم ایس کے امراض قلب کے مرکز سے دواخانہ منتقل کئے گئے تھے جبکہ ان کی صحت میں قلب میں تکلیف کی وجہ سے ابتری پیدا ہورہی تھی۔ پی آئی ایم ایس کے ذرائع کے بموجب مختلف معائنے کئے گئے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی صحت میں کافی بہتری پیدا ہوئی ہے چنانچہ ڈاکٹروں نے فیصلہ کیا کہ انہیں واپس جیل منتقل کردیا جائے۔ نواز شریف نے بھی جیل واپس جانے پر آمادگی ظاہر کی، کیونکہ وہ مزید دواخانہ میں شریک رہنا نہیں چاہتے تھے۔ جب ان کی دختر اور ان کے داماد نے انہیں ڈاکٹروں کا مشورہ قبول کرلینے کی ترغیب دی تو وہ خوشی سے جیل واپس جانے کیلئے آمادہ ہوگئے۔ ان کی جیل واپسی کیلئے صیانتی محکمہ زبردست صیانتی انتظامات کررہے ہیں۔نواز شریف تین میعادوں کیلئے وزیراعظم پاکستان رہ چکے ہیں اور اب 10 سال کی سزائے قید کاٹ رہے ہیں۔ ان کو جیل منتقل کرنے کے وقت 11 حفاظتی گاڑیاں ان کے قافلے کے آگے چل رہی تھیں۔ وہ 13 جولائی سے اڈیالہ جیل میں ہیں۔ قبل ازیں دن میں پاکستانی صوبہ پنجاب کے وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا کہ نواز شریف کی طبی رپورٹ سے ان کے بیرون ملک علاج کی ضرورت ظاہر نہیں ہوتی۔