سابق وزیراعظم نواز شریف کا دورہ سعودی عرب

نواز شریف کا دورہ ذاتی نہیں :پرویز رشید‘نوازاورشہباز کی آج سعودی ولی عہدسے ملاقات
ریاض ۔ 31ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیراعظم نوازشریف غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں۔ ریاض ایئر پورٹ پر پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق، مسلم لیگ (ن) کے عہدے داروں اور کارکنوں نے نواز شریف کا استقبال کیا ۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں پہلے سے موجود وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف عمرے کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف کی آج سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت اہم شخصیات سے اکٹھے ملاقات کا امکان ہے۔ قبل ازیں اسلام آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب مسلم لیگ (ن )کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف کے سعودی عرب کے دورے سے خاندان والے ناواقف ہیں ۔ ایک بیان میں پرویز رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف کے دورے پر عمران خان اور ان کے حامی خاموشی اختیار کریں تو بہتر ہے کیونکہ نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کو ذاتی مقاصد کے لیے قرار دینے والے، دو برادر ملکوں کے تعلقات سے بے خبر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ تبصرے نہ صرف برادر ملک کی دل شکنی کا باعث ہیں بلکہ پاکستان کے مسائل میں اضافہ بھی کرسکتے ہیں، وہ کھلاڑی جو اپنی ہر ملاقات کو جیبیں کاٹنے کے لیے استعمال کرتا ہو وہ قومی مفاد کے لئے کی جانے والی ملاقاتوں کو سمجھ ہی نہیں سکتا ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آج سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت اہم شخصیات سے اکٹھے ملاقات کاامکان ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور سے ریاض پہنچے تو پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق نے ان کا استقبال کیا جب کہ مسلم لیگ (ن )کے مقامی کے عہدے دار اور کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سعودی عرب میں پہلے سے موجود وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی عمرہ ادائیگی کے بعد آج ریاض پہنچیں گے۔ نوازشریف اور شہبازشریف کی آج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دیگر اہم سعودی شخصیات سے اکٹھے ملاقات کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں امت مسلمہ کے تنازعات پربات ہوگی، اس کے علاوہ پاکستان کی سیاسی صورتحال پر یا کچھ اورمعاملات زیرغور آئیںگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف 27 ڈسمبر کو خصوصی دورے پر سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جن کے لئے سعودی عرب سے خصوصی طیارہ بھیجا گیا تھا ۔