سابق وزیراعظم دیوے گوڑا کی غیر معینہ بھوک ہڑتال

کاویری تنازعہ میں کرناٹک کے ساتھ انصاف کا مطالبہ
بنگلورو ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج سے غیر معینہ بھوک ہڑتال کا آغاز کردیا تاکہ ٹاملناڈو کو دریائے کاویری سے پانی کی سربراہی پر جاریہ تنازعہ میں کرناٹک کے ساتھ انصاف پر زور دیاجاسکے۔ ریاستی سکریٹریٹ سے متصل مجسمہ مہاتما گاندھی کے قریب 83 سالہ جنتادل سیکولر کے سربراہ احتجاج پر بیٹھ گئے ہیں۔ دیوے گوڑا کا یہ اچانک فیصلہ سپریم کورٹ کے حکم کے پس منظر میں آیا ہے جبکہ عدالت نے کل حکومت کرناٹک سے کہا تھا کہ ٹاملناڈو کو 6 اکٹوبر تک کاویری سے 6,000 کیوزک پانی سربراہ کرے اور جاریہ تنازعہ کی یکسوئی کے لئے مرکزی حکومت کو کاویری واٹر مینجمنٹ بورڈ تشکیل دینا چاہئے۔ بھوک ہڑتال کے آغاز سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دیوے گوڑا جوکہ سابق چیف منسٹر بھی ہیں کہاکہ ہم انصاف چاہتے ہیں۔ انسانی زندگی کی بقاء کے لئے پانی ضروری ہے اور ان کا یہ احتجاج اُس وقت تک جاری رہے گا تاوقتیکہ مرکزی حکومت، کرناٹک کے ساتھ انصاف نہیں کرتی اور مجھے اُمید ہے کہ وزیراعظم اس مسئلہ کا حل تلاش کریں گے۔ دریں اثناء وزیرداخلہ جی پرمیشورا نے بھوک ہڑتال کیمپ پہنچ کر دیوے گوڑا سے ملاقات کی اور کہاکہ سابق وزیراعظم نے ہمیشہ ریاستی مفادات کے لئے جدوجہد کی ہے اور مجھے اُمید ہے کہ اس بھوک ہڑتال سے عدلیہ کی آنکھیں کھل جائیں گی۔