زیبرا Zebra

زیبرا کا تعلق گھوڑوں کے خاندان سے ہے اور یہ افریقہ میں پایا جاتا ہے ۔ یہ گھوڑوں سے سائز میں چھوٹا ہوتا ہے ۔ اس کے جسم پر بنی خوبصورت دھاریاں اس کو منفرد بناتی ہیں ۔ ان کے کان بڑے بڑے ہوتے ہیں اور دم چھوٹی ہوتی ہے ۔ شیر اس جانور کا بہت زیادہ شکار کرتے ہیں اور ان کی خوبصورت کھال کی وجہ سے انسان بھی اس کا بہت زیادہ شکار کرتے ہیں ۔
ان کی تین مختلف اقسام ہیں ۔ سب سے چھوٹی قسم پہاڑی زیبرا ہے جن کی اونچائی 4 فٹ ہوتی ہے ان کا رنگ چمکیلا سفید ہوتا ہے ۔ جن پر کالی دھاریاں ہوتیں ہیں جبکہ سر پر دھاریوں کا رنگ براؤن ہوتا ہے ان کی ٹانگیں چھوٹی ہوتی ہیں یہ چھوٹے چھوٹے گروہوں کی صورت میں پھرتے ہیں اور جنوبی افریقہ کے علاقے میں پائے جاتے ہیں ۔ دوسری قسم جسے زمینی زیبرا کہتے ہیں بڑے بڑے گروہوں کی شکل میں پھرتے ہیں اور مشرقی اور وسطی افریقہ میں پائے جاتے ہیں ان کا رنگ پیلا ہوتا ہے جس پر کالے رنگ کی چوڑی دھاریاں ہوتی ہیں سب سے بڑی قسم کا نام گیریوی زیبرا ہے جس کو اس کا نام فرانس کے ایک صدر کے نام پر دیا گیا ہے ۔ اس کی اونچائی 5 فٹ ہوتی ہے اور اس کے جسم پر دھاریاں باریک اور بہت زیادہ ہوتی ہیں یہ مشرقی افریقہ میں پائے جاتے ہیں اب ان کی نسل تقریباً ختم ہونے والی ہے ۔