زیادہ آرام سے صحت کو نقصان

زیادہ کھانا ، بیٹھے رہنا ، کم سے کم جسمانی حرکت کرنا اور پیدل چلنے کے بجائے موٹر گاڑی پر انحصار کرنے والوں کی صحت بہت جلد خراب ہوجاتی ہے۔ محققین کے مطابق زیادہ کھانے ، بیٹھے رہنے اور کم جسمانی حرکت کرنے یا کم پیدل چلنے کی وجہ سے وزن میں اضافہ اور شوگر کے امکانات کا بہت زیادہ ہونا کوئی تعجب کی بات نہیں۔ اس بارے میں کینیڈا کے ایک طبی جریدے میں چھپنی والی ایک رپورٹ کے مطابق ایسے معاشروں میں صحت کو لاحق خطرات سے بچنے کی تدابیر سخت ضروری ہیں جہاں مغربی طرز زندگی کو اپنانے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اسکاٹ لیر جو اس رپورٹ کے مصنف ہیں،

کا کہنا ہے کہ نچلی اور اوسط آمدنی والے ممالک میں جدید دور کی ٹیکنالوجی پر مشتمل سہولیات مثلاً ٹیلی ویژن، کار، کمپیوٹر کا بہت زیادہ استعمال کرنے والوں کو موٹاپے اور وزن میں اضافہ جیسے مسائل کا اتنا ہی سامنا ہے جتنا کہ اونچی آمدنی والے معاشروں کے شہریوں کو ہے۔ اسکاٹ لیر نے بہت زیادہ بیٹھے رہنے، بہت کم جسمانی حرکت کرنے اور کیلوریز سے بھرپور غذا کے زیادہ استعمال سے خبردار کیا ہے۔اس مطالعاتی جائزہ میں دنیا کے 17 ممالک سے مختلف آمدنی والے تقریباً ایک لاکھ 54 ہزار بالغ افراد کو شامل کیا گیا جن میں چین، امریکہ، کینیڈا، سویڈن ، ایران، ہندوستان ، بنگلہ دیش اور پاکستان کو شامل کیا گیا ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں الیکٹرانک آلات میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا آلہ ٹیلی ویژن تھا جہاں 78% گھروں میں ٹیلی ویژن پایا جاتا ہے، 34% کے پاس کمپیوٹر موجود ہے جبکہ 32% افراد موٹر کار کے مالک ہیں۔