ریڈار کیا ہے اور اس کا کیا کام ہے؟

پیارے بچو! ریڈار انگریزی میں RADAR مخفف ہے Radio Detection and Ranging کا۔ریڈار ایک ایسا برقی مقناطیسی آلہ یا سسٹم ہے جس میں ریڈیو ویوز (برقی مقناطیسی لہروں) کا استعمال کرکے کسی میزائل، ہوائی جہاز، سیٹلائیٹ، پانی کے قطروں وغیرہ کا وقوع معلوم کیا جاتا ہے۔ ریڈار سسٹم میں ایک ٹرانسمیٹر ہوتا ہے۔ جوریڈیو ویوز کو ایک خصوصی جانب بھیجتا ہے جس پر ویوز یا لہریں کسی جسم سے ٹکراتی ہیں تو یا منعکس ہوتی ہیں یا یہ بکھر جاتی ہیں۔
ریڈار کی لہریں برقی موصل اجسام سے اچھی طرح منعکس ہوتی ہیں جیسے کہ دھاتوں، سمندری پانی اور گیلی زمین سے۔ جو لہریں واپس ریڈار کی طرف آتی ہیں، وہ کارآمد ہوتی ہیں۔ اگر جسم ریڈار کی طرف یا ریڈار سے دوسری جانب حرکت کررہا ہو تو ریڈار کی لہروں کی فریکیونسی Frequency میں معمولی فرق آجاتا ہے، جسے Doppler Effect کی بدولت فرق جانا جاتا ہے۔ ریڈار سے بھیجے گئے سگنل خاصے طاقت ور ہوتے ہیں جبکہ موصول شدہ (منعکس شدہ) سگنل خاصہ کمزور ہوتا ہے، جو Electronic Amplifier سے بڑھاکر کام میں لایا جاتا ہے۔ برقی سگنل کے بھیجے جانے اور واپس موصول ہونے کے دورانیے سے جسم کی دوری کا اندازہ لگایا جاتا ہے اور Doppler Effect سے جسم کے حرکت کرنے کی رفتار کو بھی جانا جاتا ہے۔ ریڈار کے سگنل کیلئے ایسی فریکونسی (Frequency) کا انتخاب کیا جاتا ہے جو دُھند، برف باری، بارش وغیرہ سے متاثر نہ ہو۔ جو ریڈار موسمی حالات کا پتہ لگانے کیلئے استعمال ہوتے ہیں، ان کی فریکونسی ایسی ہوتی ہے جو موسمی حالات سے متاثر ہوتی ہیں۔ آج کل دفاعی مقاصد کے علاوہ موسمی تغیرات اور سڑکوں پر تیز رفتار گاڑیوں کی شناخت کرنے کیلئے بھی ریڈار کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہوتا جارہا ہے۔