ریونت کی آج دہلی میں راہول سے ملاقات اور کانگریس میں شمولیت

 

اے آئی سی سی ہیڈ کوارٹرس میں پروگرام ‘ تمام تیاریاں مکمل ‘ٹی آر ایس کو بیدخل کرنے کا عہد‘اجلاس سے خطاب

حیدرآباد ۔ 30اکٹوبر ( سیاست نیوز) تلگودیشم سے مستعفی ہونے والے شعلہ بیان مقرر ریونت ریڈی 31اکٹوبر کو اپنے 30 حامی قائدین ‘ سابق ارکان اسمبلی اور اضلاع تلگودیشم صدور کے ساتھ دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شامل ہوں گے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی نے آندھرا پردیش میں کانگریس کی قربانی دیتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی تاہم کے سی آر نے سونیا گاندھی کو دھوکہ دیا ہے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی سے آر پار کی لڑائی لڑنے وہ سیکولر کانگریس میں شامل ہورہے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے آج اپنی قیام گاہ پر اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیا جس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ جب آندھراپردیش میں مخالفین تلنگانہ اپنے سیاسی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے تلگودیشم میں شامل ہوسکتے ہیں تو علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس میں شامل ہونے پر اعتراض کیوں ہورہا ہے ۔ انہوں نے کانگریس کو ایک سیکولر اور 130سالہ تاریخی ریکارڈ رکھنے والی قدیم جماعت قرار دیتے ہوئے کہاکہ ریاست میں موقع پرست ٹی آر ایس اور مرکز میں فرقہ پرست بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے کانگریس کو مضبوط و مستحکم کرنا لازمی ہے ۔ وہ کے سی آر کے خلاف لڑائی اپنی آخری سانس تک لڑتے رہیں گے ۔ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں جو بھی وعدے کئے گئے ہیں اسم یں ایک وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات کرنے کے بجائے ٹی آڑ ایس ریاست کو لوٹ رہی ہے ۔ 14سال تک تحریک چلاتے ہوئے کے سی آر نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں 40ماہ اقتدار کے مکمل کرنے کے باوجود ان وعدوں میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کیپٹن اُتم کمار ریڈی کی موجودگی میں ریونت ریڈی سربراہ تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو کو اپنا سیاسی گرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ویژن رکھنے والی شخصیت ہیں ۔ جن کی انگلی پکڑ کر انہوں نے سیاسی میدان میں اپنا قدم جمایا ‘ کانگریس میں راج شیکھر ریڈی ‘ سبیتا اندرا ریڈی ‘ ایس جئے پال ریڈی ان کے ارکان خاندان ہونے کے باوجود انہوں نے 2007ء میں تلگودیشم میں شمولیت اختیار کی ۔ کل راہول گاندھی سے ملاقات کرنے کے بعد کانگریس میں شامل ہوتے ہی ریاست میں نئی اننگز کا آغاز کریں گے ۔ انہوں نے ان کے نقش قدم پر چلنے والے تلگو دیشم کے قائدین سے اظہار تشکر کیا ۔ ریونت ریڈی کل دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے ۔ بتایا جارہا ہیکہ وہ پہلے 12:30 بجے راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے ۔ اس کے بعد 4بجے اے آئی سی سی میں شامل ہوںگے ۔ تلگودیشم کے کئی سابق ارکان اسمبلی ‘ سابق ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ کئی اضلاع تلگودیشم کے صدور ریونت ریڈی کے ساتھ کانگریس میں شامل ہورہے ہیں ۔ صدر کانگریس اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ کانگریس ہائی کمان کے نمائندہ کی حیثیت سے ریونت ریڈی کو کانگریس میں شامل ہونے کی دعوت دینے کیلئے یہاں آئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی ہی ٹی آر ایس اور بی جے پی کا مقابلہ کرسکتی ہے ۔ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کیلئے ہر ایک کئے دروازہ کھلے ہیں ۔ کانگریس کے اصولوں سے متاثر ہوکر پارٹی میں شامل کرنے والوںک ا والہانہ خیرمقدم کیا جائے گا ۔