ریالٹی شو میںگوہر خان کو ایک تماشائی نے تھپڑ رسید کیا

ممبئی ۔ /30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ماڈل اداکارہ گوہر خان کو آج ان کے ریالٹی شو انڈیاز را اسٹارس کے دوران تماشہ بین میں سے ایک شخص نے اٹھ کر انہیں تھپڑ رسید کیا ۔ مضافاتی گورے گاؤں علاقے میں واقع فلم سٹی میں یہ شو جاری تھا ۔ گوہر خان پر حملہ کرتے ہوئے اس شخص نے کہا کہ ایک مسلم خاتون ہوتے ہوئے اسے مختصر کپڑے پہننے نہیں چاہئیے ۔ پولیس نے کہا کہ تھپڑ مارنے والے کی شناخت محمد عقیل مالک 24 سالہ کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ اس شو کے دوران اس نے گوہر خان کے ساتھ بدسلوکی بھی کی لیکن سکیورٹی گارڈ نے اس پر قابو پالیا اور پولیس کے حوالے کردیا ۔ اس نے کہا کہ ایک مسلم خاتون کو مختصر کپڑے پہن کر اسٹیج پر نہیں آنا چاہئیے ، اسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔گڑبڑاس وقت شروع ہوئی جب اس نوجوان نے گوہر خان کو چھیڑنا شروع کیا ۔ اعتراض کرنے پر اس نے تھپڑ رسید کیا ۔ شو میں حصہ لینے والے ایک نوجوان جعفری اقبال نے اس نوجوانوں کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے زدوکوب کیا ۔ اس وقت پولیس کے علاوہ خانگی سکیورٹی گارڈ بھی موجود تھے۔