رکن اسمبلی گدوال ڈی کے ارونا مستعفی

چیف منسٹر کو مکتوب روانہ ، عوامی مفادات کو ترجیح دینے سابق وزیر کا اعلان

حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کی رکن اسمبلی مسز ڈی کے ارونا نے گدوال کو ضلع بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ مکتوب چیف منسٹر کے سی آر کو روانہ کردیا ۔ عوام جذبات کا احترام کرنے کی اپیل کی ۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی (گدوال) و نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسز ڈی کے ارونا نے بتایا کہ اسمبلی حلقہ گدوال کو نیا ضلع بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے گدوال کے عوام ایک سال سے احتجاج کررہے ہیں وہ خود پدیاترا کرچکی ہیں ۔ گدوال میں بھوک ہڑتال ، راستہ روکو احتجاج کیا گیا ۔ ریالیاں منظم کی گئیں جلوس و جلسے منعقد کئے گئے تمام جماعتوں کے مقامی قائدین جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر احتجاج کررہے ہیں اور حکومت کی جانب سے نئے اضلاع کی تشکیل کے لیے جاری کردہ مسودہ پر گدوال کے عوام نے حکومت کے تیار کردہ ویب سائیٹ پر گدوال کو ضلع بنانے کی نمائندگی ریاست تلنگانہ میں سب سے زیادہ گدوال میں احتجاج کیا گیا یہاں تک کہ بند بھی منظم کیا گیا۔

چیف منسٹر اور چیف سکریٹری کے علاوہ ہر ایک سے نمائندگی کی گئی ۔ انہیں باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وہ اسمبلی حلقہ گدوال کی رکن اسمبلی ہیں اس لیے گدوال کو ضلع نہیں بنایا جارہا ہے ۔ لہذا وہ گدوال کو ضلع بنانے کے لیے اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرچکی ہیں اور اپنا استعفیٰ چیف منسٹر کے سی آر کو روانہ کررہی ہیں ۔ چیف منسٹر فوری گدوال کو ضلع بنانے کا اعلان کرتے ہوئے ان کا استعفیٰ اسپیکر اسمبلی کو روانہ کردیں ۔ مسز ڈی کے ارونا نے کہا کہ وہ ضلع کی تشکیل میں کوئی رکاوٹ بننا نہیں چاہتی ۔ گدوال کو ضلع بنانے کا مقامی عوام لمبے عرصے سے مطالبہ کررہے ہیں اور چیف منسٹر کے سی آر نے بھی ایک سے زائد مرتبہ نئے اضلاع ریونیو ڈیویژنس اور منڈلس کی تشکیل میں عوامی رائے کو اہمیت دینے کا اعلان کیا ہے ۔ اگر ان کی جانب سے مطالبہ کرنے پر چیف منسٹر اس کو سیاست کی نظر سے دیکھ رہے ہیں تو وہ استعفیٰ پیش کرتے ہوئے یہ ثبوت دے رہی ہیں کہ گدوال کو ضلع بنانے کا مطالبہ سیاسی مفادات پر مبنی نہیں ہے ۔۔