روس کا طیارہ مصر میں گرکر تباہ ۔ 224 مسافر ہلاک

اسلامک اسٹیٹ نے ذمہ داری قبول کی ۔ شرم الشیخ سے سینٹ پیٹرسبرگ پرواز کے دوران وسط سینائی میں واقعہ ، ملبہ دستیاب

قاہرہ ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک روسی طیارہ جس میں 224 افراد سوار تھے، آج مصر کے جزیرہ نما سینائی کے پہاڑی حصے میں تباہ ہوگیا، جس سے طیارہ میں سوار ہر فرد ہلاک ہوگیا، عہدے داروں نے یہ بات کہی۔ مصر میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس آئی ایس) گروپ کی ملحقہ تنظیم نے اس طیارہ کو مار گرانے کا دعویٰ کیا مگر یہ نہیں کہا کہ کس طرح یہ کارروائی کی گئی، لیکن مصری سکیورٹی کے عہدہ دار نے کہا کہ طیارہ کسی حملے کی وجہ سے تباہ نہیں ہوا۔ روسی نیوز ایجنسیز نے اطلاع دی کہ روسی وزیر ٹرانسپورٹ مکسیم سوکولوف نے کہا کہ آئی ایس آئی ایس کے دعوے کو ’’ٹھیک اور درست نہیں سمجھا جاسکتا‘‘، نیز یہ کہ مصر میں حکام کے پاس ایسا کوئی مواد نہیں کہ جو اس طرح کے اشاروں کی تصدیق کرسکے۔ وزیراعظم مصر شریف اسمعیل نے کہا کہ وسط سینائی میں یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔ ایک بیان میں وزیراعظم اسمعیل کے دفتر نے کہا کہ وسط سینائی میں طیارہ حادثہ کا شکار ہوا ہے جس میں روسی شہری سوار تھے ۔ سکیورٹی فورس نے حادثہ کے مقام کو گھیرے میں لے لیا ہے اور اس جگہ پر امبولینس گاڑیاں دوڑتی نظر آرہی ہیں ۔ مصر کے ایرٹریفک کنٹرول سے طیارہ کا رابطہ اڑان بھرنے کے فوری بعد منقطع ہوگیا ۔ یہ طیارہ مصر کے بحر احمر کی تفریح گاہ شرم الشیخ نے سینٹ پیٹرسبرگ کیلئے اڑان بھرا تھا کہ دوران پرواز طیارہ وسط سینائی میں گرگیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم مصر اسمعیل نے کابینی سطح کی بحران کمیٹی تشکیل دی ہے اور حادثہ کے مقام پر پہونچکر فوری بچاؤ کاری اور امدادی کام انجام دی جانے کی ہدایت دی ۔

وزارت صحت کی جانب سے مہلوکین کی تعداد کا اندازہ کیا جارہا ہے اور تفصیلات کا عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ یہ طیارہ کوگلوموف ایرلائین سے تعلق رکھتا تھا ۔ یہ چھوٹا سا طیارہ مغربی سائبریا روس میں تیار ہوا تھا ۔ اس دوران صدر روس ولادمیرپوٹین نے ہنگامی اجلاس طلب کیا اور مصر کو ایک بچاؤ کاری ٹیم روانہ کی ہے ۔ روس سے مسافر بردار طیارہ میں 224 افراد سوار تھے ۔ کریملن نے بتایا کہ صدر مملکت نے ہنگامی ٹیمیں روانہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ یہ ٹیمیں مصر میں حادثہ کے مقام کو پہونچ کر تفصیلات کا جائزہ لیں گی ۔ کریملن نے مصر میں کوگلوموف  ایرلائین کمپنی کے تنازعہ کے باعث ہونے والے حادثہ کی تحقیقات کیلئے خصوصی ہدایت دی ہے ۔ وہ ہنگامی اجلاس میں مخاطب تھے جس کو روسی ٹیلی ویژن چیانلوں نے راست ٹیلی کاسٹ کیا، جہاں اعلان کیا گیا کہ ہنگامی حالات کی وزارت سے وابستہ ایک ٹیم کے ساتھ بچاؤ کاری ٹیمیں بھی روانہ ہوں گی

۔ اس ٹیم کے ہمراہ ہنگامی وزارت کے وزیر ولائمیر لیچکوف مصر روانہ ہوئے ہیں ۔ روس کے وزیر ٹرانسپورٹ مکسیم سوکولوف اور روسی طیارہ کے ٹرانسپورٹ ایجنسی کے سربراہ الگژینڈر مریڈکوٹ بھی اس مقام کو روانہ ہوئے ہیں ۔ روسی ایجنسیوں نے وزارت ہنگامی حالات کے حوالے سے بتایا کہ روس کی تحقیقاتی کمیٹی طیارہ کی وجوہات کا پتہ چلائے گی ۔ فضائی سیفٹی کے معاملے میں اگر کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے تو خاطیوں کو سزا دی جائے گی ۔ روس کی ایرٹرانسپورٹ ایجنسی روس ویستیاسا نے کہا کہ یہ طیارہ ایربس 321 تھا جس میں 217 مسافر سوار تھے ، ماباقی عملہ کے ارکان تھے ۔ جب طیارہ کا رابطہ ایرکنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا تو حادثہ کا پتہ چلا ۔ شرم الشیخ سے سینٹ پیٹرسبرگ جانے والے طیارہ کے بدنصیب افراد کی کل تعداد 224 ہوسکتی ہے ۔ پائلٹ نے اڑان کے دوران فنی خرابی کی اطلاع دی تھی ۔ بچاؤ کاری کے دوران اب تک 100 نعشیں برآمد کی جاچکی ہے ۔ ان میں پانچ بچے شامل ہیں ۔ طیارہ میں 217 مسافرین اور عملہ کے 7 ارکان سوار تھے ۔ حادثہ کے مقام سے بلاک باکس دستیاب ہوا ہے ۔ طیارہ میں جملہ  17 بچے سوار تھے ۔ بچاؤ کاریوں کو ایسی کئی نعشیں دستیاب ہوئی ہیں جو طیارہ کی نشستوں کے درمیان پھنس گئی ہیں یا چپک گئی ہیں ۔ سکیورٹی عہدیدارو ںنے بتایا کہ حادثہ تباہ کن تھا جس کی وجہ سے کسی مسافر کے بچ جانے کا امکان موہوم ہے ۔ روسی طیارہ کو مار گرانے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے روسی عہدیداروں نے کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے حادثہ ہوا ہے ۔ گہرے کہر کی وجہ سے بھی بچاؤ کاری انجام دینے والوں کو مشکلات ہورہی ہے ۔ روسی سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ مصر کے شمال سینائی خطہ میں دو سال کی نئی سورش پسند تنظیم سرگرم ہے اس کے انتہاپسند دولت اسلامیہ سے وابستہ ہیں ۔ وزیر صحت مصر نے مقام حادثہ پر 45 ایمبولینس روانہ کئے ہیں ۔ روس نے یکم نومبر کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ۔ مصر اور روس کے حکام نے اس واقعہ کی ہر پہلو سے جامع تحقیقات کا اعلان کیا ہے اور دستیاب بلاک باکس سے اس ضمن میں کافی مدد ملنے کی توقع ہے۔