رمضان المبارک کی فضیلت

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان المبارک کی فضیلت اور اس کی عظمت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: ’’جس نے رمضان المبارک میں نفلی عبادت کا اہتمام کیا تو اس کو فرض کے برابر ثواب دیا جائے گا (یعنی نفلی صدقات کرنے پر فرض زکوۃ کی ادائیگی کے برابر ثواب حاصل ہوگا) اور جو شخص اس ماہ مبارک میں فرض ادا کرے گا تو اس کو ستر فرض ادا کرنے کے برابر ثواب دیا جائے گا‘‘۔آپﷺ کے اس ارشاد سے ماہ رمضان کی عظمت و فضیلت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس ماہ میں ایک فرض نماز ادا کرنے پر ستر فرضوں کا اجر دیا جاتا ہے۔ اس ماہ مبارک میں امیر و غریب، مرد عورت ہر ایک کے لئے نیکیاں جمع کرنے کے مواقع میسر ہیں۔ بندہ عبادت کرکے اپنے نامۂ اعمال کو نیکیوں سے بھرسکتا ہے، لہذا ہمیں چاہئے کہ اس ماہ مبارک میں خوب عبادت کا اہتمام کرکے آخرت کی کامیابی کا ذخیرہ جمع کرلیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس ماہ مبارک کا امتیازی مقام بیان کرتے ہوئے فرمایا: ’’رمضان ایک ایسا مہینہ ہے، جس کا پہلا عشرہ رحمت، دوسر ا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم سے آزادی کا ہے‘‘۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت بھی ملے، مغفرت بھی ملے اور نار جہنم سے بچے رہیں تو اس ماہ مبارک میں عام مہینوں کی بہ نسبت عبادت کا اہتمام زیادہ کریں، اللہ کے ذکر سے زبان کو تر رکھیں اور خود کو ہر طرح کے گناہوں سے بچائیں، ان شاء اللہ تعالیٰ ہم ان تینوں (رحمت، مغفرت، نار جہنم سے خلاصی) کے مستحق بنیں گے۔ آپﷺ نے فرمایا کہ ’’رمضان کے لئے جنت کو شروع سال سے سجایا جاتا ہے‘‘ یعنی رمضان کے استقبال کے لئے جنت پورے سال سجائی جاتی ہے، جو روزہ داروں کا ٹھکانہ ہے۔