راہول گاندھی کیلاش مانسرور یاترا کیلئے روانہ

نئی دہلی، 31اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی جمعہ کو کیلاش مانسرور یاترا کے لئے روانہ ہوگئے۔کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں بتایا کہ راہول گاندھی تقریباً 14دن تک اس یاترا پر رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ‘بھگوان بھولے شنکر کے بھکت راہل گاندھی قوم کی تعمیر ‘ ملک اور اہل وطن کی خوشحالی اور تری کی دعا کے ساتھ بھگوان کیلاش پتی کے درشن اور ان کا آشیرواد لینے کے لئے کیلاش مانسرور جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے کرناٹک جاتے وقت پچھلے دنوں یہ ارادہ اس وقت کیا تھا جب ان کا طیارہ زبردست حادثے سے بال بال بچ گیا تھا۔ اس بحران کے ٹلنے کے بعد انہوں نے بھگوان بھولے شنکر کو یاد کرتے ہوئے عہد کیا تھا کہ وہ بابا بھولے کے درشن کے لئے کیلاش مانسرور جائیں گے ۔یہ پوچھنے پر کہ راہول گاندھی کس راستے سے کیلاش پتی درشن کے لئے جائیں گے اور کتنے دن کی ان کی یاترا ہوگی ، انہوں نے کہا کہ وہ کس راستے سے جائیں گے اس کے بارے میں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر تفصیلی معلومات نہیں دی جاسکتی ہیں۔ راہول گاندھی بارہ سے چودہ دن تک اس یاترا پر رہیں گے ۔ انہوں نے بی جے پی سے اس یاترامیں رکاوٹ نہیں ڈالنے کی اپیل کی اور کہا کہ یاترا پر جانے والے کے تئیں عقیدت کا جذبہ کی روایت ہے اور بی جے پی کو اس پر عمل کرنا چاہئے ۔