راہول گاندھی کا نومبر میں دورہ تلنگانہ

انتخابی تیاریوں کا آغاز‘ ریاست میں کانگریس مزید مستحکم
حیدرآباد ۔ 30 اکٹوبر ( سیاست نیوز) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نومبر میں تلنگانہ کا دورہ کرسکتے ہیں ۔ کانگریس اپرٹی کی جانب سے تیاریوں کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں انتخابی تیاریوں کا آغاز کرچکی ہے ۔ اے آئی سی سی اور راہول گاندھی ٹیم کی جانب سے تلنگانہ میں کیا گیا سروے کانگریس کیلئے حوصلہ افزاء ثابت ہوا ہے ۔ جس کی وجہ سے کانگریس ہائی کمان تلنگانہ میں کانگریس کو مستحکم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے ۔ چند ماہ قبل سنگاریڈی میں منعقدہ راہول گاندھی کا جلسہ بھی کامیاب رہا تھا جس سے کانگریس کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ضلع ورنگل میں قبائلیوں کا جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے راہول گاندھی کی مدد کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ نومبر کے دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں جلسہ عام منعقد کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ریونت ریڈی کانگریس میں شامل ہونے کے بعد ضلع محبوب نگر میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ راہول گاندھی انہیں وقت دیتے ہیں تو وہ 9 نومبر کو ضلع محبوب نگر میں جلسہ عام منعقد کرنے کیلئے تیار ہیں ‘ ان دونوں جلسوں کے انعقاد کا انحصار راہول گاندھی کے فیصلے پر منحصر ہے ‘ کیونکہ آئندہ ماہ گجرات اور ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات منعقد ہورہے ہیں ‘ سوال یہ پیدا ہوتا ہیکہ کیا نومبر میں راہول گاندھی تلنگانہ کیلئے وقت دے پائیں گے یا دونوں ریاستوں کے انتخابات میں مصروف رہیں گے ۔ تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے 31اکٹوبر کو راہول گاندھی ملاقات کررہے ہیں ۔اس ملاقات کے بعد فیصلہ ہوجائے گا کہ نومبر میں راہول گاندھی تلنگانہ کیلئے وقت دیں گے۔