راہول گاندھی کا دورۂ جبل پور روڈ شوز

بھوپال۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے وندھیہ علاقے کے دو روزہ دورے کے بعد اب کانگریس صدر راہول گاندھی 5 اور 6 اکتوبر کو جبل پور اور کٹنی کے دورہ پر آرہے ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ راہول 5 اور 6 اکتوبر کو جبل پور اور کٹنی کے دورے پر آ رہے ہیں۔ ان کے پروگراموں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔جبل پور کانگریس ضلع یونٹ گاندھی کے روڈ شو اور عوامی ریالی کی تیاری کر رہی ہے ۔جبل پور اور کٹنی بی جے پی کے گڑھ مانے جاتے ہیں۔ دونوں اضلاع کی کل 12 اسمبلی نشستوں میں سے 9 بی جے پی کے قبضے میں ہیں۔ بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے صدر راکیش سنگھ اسی علاقے سے ممبرپارلیمنٹ ہیں۔ وہیں کانگریس کی ریاستی یونٹ کے صدر کمل ناتھ بھی چھندواڑہ سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔گاندھی کل ہی وندھیہ علاقے کادو روزہ دورہ ختم کرکے واپس لوٹے ہیں۔ اپنے اس دورے کے آغاز میں انہوں نے ستنا ضلع کے چترکوٹ واقع کامتا ناتھ مندر کا درشن کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے چترکوٹ، ستنا اور ریوا میں عوامی جلسوں سے خطاب کیا تھا۔گاندھی کے ریوا دورے کے دوران ہی اس وقت کے ریوا ریاست سے جڑے اور سرمور اسمبلی سے بی جے پی کے رکن اسمبلی دویہ راج سنگھ کے والد پشپ راج سنگھ کانگریس میں شامل ہو گئے تھے ۔