راہول گاندھی میں وزیراعظم بننے کی تمام خوبیاں موجود

لوک سبھا انتخابات 2019 ء کے بعد کانگریس اور حلیف پارٹیوں کے متفقہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار ششی تھرور
نئی دہلی ۔ /30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی میں وزیراعظم بننے کی تمام خوبیاں موجود ہیں ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے کہا کہ راہول گاندھی نے اپنے سیاسی تدبر تصور و فہم فراست کا ثبوت دیدیا ہے ۔ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا مسئلہ بھی کانگریس پارٹی اور اس کی تمام حلیف پارٹیوں کی جانب سے متفقہ طور پر حل کرلیا جائے گا اور لوک سبھا انتخابات 2019 ء کے بعد راہول گاندھی ہی کانگریس اور حلیف پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے ۔ ششی تھرور نے یہ بھی کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات نے یہ واضح کرلیا ہے کہ کانگریس ہی متبادل سیاسی پارٹی ہے جس کے اندر پیان ۔ انڈیا کا نظریہ پایا جاتا ہے ۔ لہذا وہ کسی بھی قومی اتحاد کے لئے اپنے ’’فطری صلاحیتوں‘‘ کا مظاہرہ کرے گی ۔ راہول گاندھی ہمارے لیڈر ہیں اس کا مطلب یہ کہ اگر کانگریس کو اکثریت حاصل ہوگی تو وہ وزیراعظم ہوں گے ۔ اگر کانگریس مخلوط حکومت میں ہوگی تو بلاشبہ دیگر حلیف پارٹیوں کے ساتھ مل کر راہول گاندھی کو متفقہ طور پر وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنایا جائے گا ۔ تھرور نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کانگریس اور اس کی حلیف پارٹیوں کا ہی ہوگا اور اس کے لئے باقاعدہ ایک مستحکم اتفاق رائے کا عمل پورا کرلیا جائے گا ۔ یہ بتایا جائے گا کہ ان کی نمائندگی میں مجموعی طور پر قوم کے مفادات میں ہوگی ، یہ اجتماعی فیصلہ ہوگا اور جیسا کہ ایسی صورت میں عام طور پر ہوتا آرہا ہے ۔ تاہم اس موضوع پر انتخابی نتائج کے بعد میں غور کیا جائے گا ۔ فی الحال صدر کانگر یس کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت ہور ہی ہے ۔ ان سے مختلف گوشوں نے مشاورت بھی کی ہے ۔ میری دانش میں راہول گاندھی میں وہ تمام درست خوبیاں پائی جاتی ہیں جسکے ذریعہ وہ ملک کے ایک شاندار وزیراعظم ہونے کی ذمہ داری ادا کریں گے ۔ ششی تھرور نے کہا کہ راہول گاندھی کی طرز قیادت سیاسی امور سے نمٹنے کیلئے ان کی گرفت مضبوط ہے وہ سماج کے کمزور طبقات سے ہمدردی رکھتے ہیں ۔ ملک کے سیکولر کردار کو مستحکم بنانے کے پابند عہد ہیں ۔ وہ کرشماتی لیڈر ہیں ان میں اعلیٰ ترین ذمہ داری پوری کرنے صلاحیتیں موجود ہیں ۔ کانگریس کے 62 سالہ لیڈر ششی تھرور نے مزید کہا کہ غیر کانگریس قائدین کی جانب سے دیئے گئے حالیہ بیانات اس بات کا مظہر ہیں کہ وہ تمام راہول گاندھی کو ملک کا آئندہ وزیراعظم بنانے کا عہد کرچکے ہیں ۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ نے بھی حال میں کہا تھا کہ راہول گاندھی اب ’’پپو‘‘ نہیں بلکہ انہوں نے 3 ہندی پٹی کی ریاستوں چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ کر ثابت کردیا ہے کہ وہ سیاسی لڑائی کی صلاحیت کے مالک ہیں ۔ تاہم دیگر کئی حلیف پارٹیوں کے قائدین نے ہنوز راہول گاندھی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنانے کی توثیق نہیں کی ہے ۔ ممتا بنرجی ، اکھلیش یادو نے اپنا ذہن نہیں بنایا ہے ۔ البتہ ڈی ایم کے سربراہ اسٹالین نے بھی راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کی حمایت کی ہے ۔