رافیل ڈیل پر کبھی حمایت کی ہے او رنہ کروں گا : این سی پی سربراہ شرد پوار 

نئی دہلی : گذشتہ دنوں این سی پی کے سربراہ شرد پوار کی جانب سے رافیل ڈیل پر وزیر اعظم نریندر مودی کا دفاع کرنے کے بعد پارٹی سے منسلک کچھ بڑے وزراء نے ناراض ہوکر ان سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہیں ۔ اب طویل خاموشی کے بعد انہوں نے صفائی پیش کی ۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی ) کے سربراہ شرد پوار نے ایک پروگرام میں کہا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں وزیر اعظم کی حمایت کررہا ہوں ۔ لیکن میں نے کبھی بھی حمایت نہیں کی اور نہ ہی مستقبل میں کروں گا ۔ ‘‘

شرد پوار نے کہا کہ ’’ سوال یہ ہے کہ جنگی جہاز کی قیمت 650کروڑ سے بڑھ کر 1600کروڑ تک کیسے پہنچ گئی ۔ حکو مت کو پارلیمنٹ میں اس پر صفائی دینی چاہئے ۔ اس کی جانچ کی جانی چاہئے ۔او رمشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے اس کے دستاویزات رکھنے چاہئے ۔ ‘ ‘

انہوں نے مزید کہا کہ میں پھر سے کہتا ہوں کہ اس وقت میرے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے ۔میں وزیر اعظم یا پھر کسی دوسرے پر کوئی الزام نہیں لگاسکتا ۔ پوار کے رافیل سودے بازی میں وزیر اعظم مودی کے دفاع سے متعلق بیان سے ناراض این سی پی کے دو قد آور لیڈر طارق انور او رمناف حکیم نے پارٹی سے استعفیٰ دیدیا ہے ۔