راشٹریہ مسلم منچ کے کارکنان نے پاکستان کے قومی پرچم کو نذر آتش کردیا 

دیو بند : پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر میں منصوبہ بند دہشت گردی سے ناراض راشٹریہ مسلم منچ کے کارکنان نے پاکستان کے قومی پرچم کو نذر آتش کردیا ۔ منچ کے کارکنان نے پاکستان کے مقبوضہ کشمیر کو دوبارہ ہندوستان کو واپس سونپنے کا مطالبہ کیا ۔ راشٹریہ مسلم منچ کے ضلع صدر حکیم عبدالستار کی قیادت میں کارکنان نے منگلور پولیس چوکی کے سامنے جمع ہو کر پاکستان کے خلاف زبر دست نعرہ بازی کی اور پاکستان کے قومی پرچم کو نذر آتش کیا ۔

بعد ازاں کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالستارنے کہا کہ جموں وکشمیر میں پاکستان حکومت کی جانب سے منصوبہ بند طریقہ سے دہشت گردی کو بڑھاوا دیا جارہا ہے ۔جس میں بے گناہ افراد جاں بحق ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت اپنے بہادر فوجیو ں اورشہریوں کی موت کا بدلہ پاکستان پر حملہ کرکے لینا چاہئے ۔

منچ کے ضلع کنوینر بابر علی نے کہا کہ آزادی کے بعد پاکستان کی جانب سے کشمیر کے کچھ حصوں پر قبضہ کیا ہے جہاں سے ہندوستان کے خلاف دہشت گردی کی پالیسی تیار کی جاتی ہے ۔ مودی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوج بھیج کر اسے ہندوستان میں واپس ملانا ہوگا تا کہ ہندوستان ایک مرتبہ پھر مضبوط ہوسکے ۔