راج بھون میں گورنر کی دعوت افطار

کے سی آر ‘ جگن موہن ریڈی کے علاوہ ریاستی وزرا و دیگر کی شرکت
حیدرآباد یکم جون : ( سیاست نیوز ) تلنگانہ و آندھرا پردیش کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن کی جانب سے آج راج بھون میں روزہ دار مسلم بھائیوں کے لیے افطار پارٹی کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ افطار سے قبل گورنر نے ماہ رمضان اور روزہ کی اہمیت و افادیت پر اظہار خیال کیا ۔ افطار کا وقت ہوتے ہی مسٹر نرسمہن نے وزیر داخلہ محمد محمود علی کو کھجور کھلایا جبکہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایم ایل سی مسٹر محمد فاروق حسین اور مولانا احسن بن محمد الحمومی کو کھجور کھلایا ۔ علاوہ ازیں چندر شیکھر راؤ نے چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کو کھجور کھلایا اور پھر جگن موہن ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ کو بھی کھجور کھلایا ۔ اس افطار پارٹی میں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ‘وائی ایس جگن موہن ریڈی کے علاوہ سابق چیف منسٹر متحدہ آندھرا پردیش و سابق گورنر ٹاملناڈو مسٹر کے روشیا ، وزیر داخلہ مسٹر محمد محمود علی ، ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ ، کے ایشور ، سرینواس گوڑ ، ای راجندر ارکان کونسل محمد فاروق حسین ، ایم ایس پربھاکر ، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم ، صدر نشین اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین ، صدر نشین کھادی بورڈ مولانا زاہد حسین ، صدر حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں ، مشیر ریاستی حکومت برائے اقلیتی امور مسٹر عبدالقیوم خاں ، چیف سکریٹری ایس کے جوشی ، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، کمشنر سٹی پولیس انجنی کمار ، سینئیر آئی اے ایس عہدیداروں و سینئیر آئی پی ایس عہدیداروں ، ظفر جاوید سکریٹری مفخم جاہ ایجوکیشنل سوسائٹی و دیگر کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ مولانا احسن بن محمد الحمومی نے نماز مغرب کی امامت کی اور دعا کی ۔ بعد ازاں طعام کا بھی اہتمام کیا گیا ۔