راجستھان : گہلوٹ چیف منسٹر اور پائلٹ ڈپٹی چیف منسٹر

کانگریس کا فیصلہ ۔ دونوں مل کر اچھی حکمرانی فراہم کریں گے ۔ سچن پائلٹ کا بیان

نئی دہلی / جئے پور 14 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر اشوک گہلوٹ راجستھان کے چیف منسٹر ہونگے ۔ پردیش کانگریس کے صدر سچن پائلٹ کو ڈپٹی چیف منسٹر بنایا جائیگا اور وہ پردیش کانگریس کی صدارت پر بھی برقرار رہیں گے ۔ کانگریس پارٹی میں آج اس تعلق سے طویل مذاکرات کے بعد بالآخر فیصلہ ہوگیا ۔ قبل ازیں راجستھان کے چیف منسٹر کے مسئلہ پر طویل مذاکرات ہوئے تھے ۔ کل سے یہ بات چیت جاری تھی جس میں سینئر لیڈر اشوک گہلوٹ اور نوجوان لیڈر سچن پائلٹ کے مابین سخت مقابلہ تھا اور کہا جا رہا تھا کہ سچن پائلٹ کانگریس قیادت کے دباو کو قبول کئے بغیر وزارت اعلی کیلئے مصر ہیں۔ کل دونوں قائدین کی کانگریس صدر راہول گاندھی سے دو مرتبہ بات چیت ہوئی تھی تاہم کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا ۔ آج بھی دونوں قائدین نے کانگریس صدر سے ملاقات کی اور بالآخر ایک فیصلہ ہوگیا ۔ فیصلے کے باضابطہ اعلان سے قبل راہول گاندھی نے یہ مسئلہ حل ہوجانے کا اشارہ اپنے ٹوئیٹر پر دیا اور انہوں نے اپنے ساتھ اشوک گہلوٹ اور سچن پائلٹ کی تصویر پیش کرتے ہوئے اسے ’’ راجستھان کے متحدہ رنگ ‘‘ کا کیپشن دیا تھا ۔ اس کے بعد سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ اشوک گہلوٹ راجستھان کے آئندہ چیف منسٹر ہوسکتے ہیں۔ بعد ازاں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا گیا کہ پارٹی نے سینئر لیڈر اشوک گہلوٹ کو ہی راجستھان کی عنان اقتدار سونپنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سچن پائلٹ کو ڈپٹی چیف منسٹر بنایا جائیگا ۔ وہ پردیش کانگریس کی صدارت کے عہدہ پر بھی برقرار رہیں گے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر کے سی وینو گوپال نے اعلان کیا کہ اشوک گہلوٹ ریاست کے نئے چیف منسٹر ہونگے ۔ فیصلے پر اشوک گہلوٹ نے مسرت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ وہ خوش ہیں کہ پارٹی نے انہیں ریاست میں حکومت کی ذمہ داری سونپی ہے ۔ علاوہ ازیں سچن پائلٹ نے بھی اس فیصلے پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ان کا اور اشوک گہلوٹ کا جادو چل گیا ہے اور اب وہ دونوں مل کر راجستھان میں بہترین حکومت پیش کرینگے ۔ ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اشوک گہلوٹ ریاست میں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف کب لیں گے ۔