راجستھان کو شکست دے کر حیدرآبادسرفہرست

سندیپ شرما اور سدھارتھ کول کی کفایتی گیند بازی ، کین ولیمسن ’’مین آف دی میچ ‘‘

جئے پور۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آج یہاں راجستھان رائلس کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے مقابلے میں سن رائزرس حیدرآباد نے سندیپ شرما اور سدھارتھ کول کی کفایتی گیند بازی کی بدولت راجستھان کو 11 رنوں سے شکست دے کر آئی پی ایل پوائنٹ ٹیبل میں اول مقام حاصل کرلیا۔ حیدرآباد نے اس کامیابی کے ساتھ ہی آئی پی ایل میں مسلسل تیسری جیت درج کی ہے اور ان تمام کا سہرا حیدرآباد کی بولنگ سیکشن کو جاتا ہے۔ اس سے قبل حیدرآباد نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورس میں 7 و کٹس کے نقصان پر 151 رنز بنائے تھے لیکن راجستھان کے بلے باز اس چھوٹے سے اسکور کا تعاقب کرنے میں بھی حیدرآبادی گیند بازوں کے سامنے بونے نظر آئے اور وہ 20 اوورس میں 6 وکٹس کے نقصان پر 140 رنز ہی بنا پائے۔ حیدرآباد کی جانب سے سدھارتھ کول نے 2 وکٹس لئے تو وہیں سندیپ شرما، باسل تھمپی، راشد خان اور یوسف پٹھان نے ایک ایک وکٹ لے کر ٹیم کی جیت میں اپنی حصہ داری نبھائی۔ حیدرآباد کی جانب سے سندیپ شرما سب سے کفایتی گیند باز ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوورس میں صرف 15 رنز ہی دیئے۔ راجستھان رائلس کی جانب سے محتاط بلے بازی کرتے ہوئے کپتان اجنکیا رہانے سب سے زیادہ 65 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے لیکن وہ ٹیم کو کامیابی نہیں دلا سکے۔ اس سے پہلے راجستھان نے ایک مرتبہ پھر شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد ٹیم کو چھوٹے اسکور تک محدود کرنے میں کامیاب رہی۔ پہلے بلے بازی کرنے اتری حیدرآبادی ٹیم مجموعی 20 اوورس میں 151 رنز ہی بنا سکی۔ راجستھان کی جانب سے جوفر آرچر نے شاندار گیند بازی کی۔ جوفر نے 26 رنز دے کر 3 وکٹس حاصل کئے۔ وہیں کرشنپا گوتم نے 18 رنز دے کر 2 وکٹس حاصل کئے۔ حیدرآباد کے نئے کپتان کین ولیمسن نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ الیکس ہل نے 45 اور منیش پانڈے 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ طوفانی بلے باز یوسف پٹھان نے ایک بار پھر شائقین کو مایوس کیا اور وہ صرف 2 رنز پر ہی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔