ذاکر نائیک کیخلاف کارروائی کی جائے وزارت ِداخلہ کو قانونی رائے

نئی دہلی۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مبلغ اِسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف عنقریب انسدادِ دہشت گردی کے انتہائی سخت قانون کے تحت مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر نائیک اور ان کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آر ایف) کے خلاف کارروائی کرنے کی قانونی رائے دی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی متنازعہ سرگرمیوں بشمول مبینہ نفرت انگیز تقاریر کے ضمن میں امکانی کارروائی کے تعلق سے قانونی رائے حاصل کی تھی۔ وزارت داخلہ کو جو رائے دی گئی ، اس میں سمجھا جاتا ہے کہ یہ کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے مختلف فورمس میں دیئے جانے والے بیانات مختلف مذہبی گروپس کے مابین مخاصمت اور نفرت کو بڑھاوا دیتے ہیں اور ان کے بیانات دہشت گردوں کو اُکسانے کا بھی سبب بنتے ہیں چنانچہ انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت مختلف مواقع پر مبینہ نفرت انگیز تقاریر کے لئے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔ ذرائع نے قانونی رائے کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔