دیہی و شہری علاقوں کے فرق کو ختم کرنا ضروری

بہتر منصوبہ بندی اور زیادہ فنڈز کی فراہمی ضروری ۔ نائب صدر وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 30 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں کے مابین فرق کو ختم کیا جانا چاہئے اور انہوں نے کہا کہ دیہی انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے فنڈز مختص کرنے میں تحفظات ہونے چاہئیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایک کے بعد دیگر قائم ہونے والی حکومتوں نے دیہی علاقوں میں انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے پر خاص توجہ نہیں دی تھی تاکہ اس فرق کو ختم کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی لاپرواہی کے نتیجہ میں دیہی علاقوں سے شہری علاقوں کی سمت بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوئی ہے چاہے یہ تعلیم کیلئے ہو یا روزگار کیلئے ہو یا پھر بہتر طبی سہولتوں کیلئے ہو۔ نائب صدر جمہوریہ این آئی آر ڈی اور پنچایت راج میں دیہی انوویٹرس اسٹارٹ اپ کانکلیو کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاح کے بعد خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت ہے کہ دیہی علاقوں کیلئے فنڈز زیادہ مختص کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی تحفظ کی بات کر رہے ہیں۔ آپ کو دیہی عوام کیلئے زیادہ فنڈز فراہم کرنے چاہئیں اور پانچ امور پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ان میں آبپاشی ‘ انفرا اسٹرکچر ‘ شرح سود ‘ انشورنس اور نئی اختراع شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دیہی علاقوں پر زیادہ توجہ دی جائے ‘ زیادہ فنڈز فراہم کئے جائیں اور بہتر منصوبہ بندی کی جائے تو پھر ایک متحد ہندوستان کی زیادہ بہتر ترقی ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کرنے والوں جیسے مرکزی و ریاستی حکومتوں ‘ سیاسی جماعتوں ‘ پارلیمنٹ اور ذرائع ابلاغ کو دیہی علاقوں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ دیہی علاقوں میں ہی زیادہ عوام رہتے بستے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی دیہی تخلیق کار اور تاجرین اب روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہوئے اپنے وجود کا احساس دلا رہے ہیں اور وہ دیہی معیشت کو استحکام بخش رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاہم دیہی تخلیق کاروں و نئی اختراع کرنے والوں کو اگر کچھ رکاوٹیں درپیش ہیں تو انہیں بہتر انفرا اسٹرکچر ‘ فنڈز کی فراہمی ‘ رابطوں کو بہتر بناتے ہوئے دور کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی کوششوں کے علاوہ خانگی شعبہ کو اس کی زیادہ ذمہ داری لینی ہوگی اور تخلیقی دیہی ٹکنالوجیز کو فروغ دینے آگے آنا ہوگا تاکہ دیہی معیشت کو بھی بہتر بنایا جاسکے ۔