دیپاولی کے موقع پر یادو خاندان سیفائی میں

چیف منسٹر اکھیلیش کی رام گوپال یادو سے بھی ملاقات
کانپور 30 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دیپاولی کے موقع پر اترپردیش میں برسر اقتدار خاندان کے ارکان شائد پہلی مرتبہ اپنے آبائی گاؤں سیفائی پہونچے تھے تاہم انہوں نے ایک دوسرے سے ملاقات سے گریز کیا ۔ چیف منسٹر اکھیلیش یادو ہفتہ کی شام یہاں پہونچے تھے اور انہوں نے اپنے چچا اور پارٹی سے خارج کردہ راجیہ سبھا رکن رام گوپال یادو کے ساتھ وقت گذارا جبکہ انہوں نے اپنے خاندان کے دیگر رشتہ داروں سے بھی ملاقات کی اور اتوار کی شام لکھنو واپس آگئے ۔ ان کے چچا شیوپال یادو ‘ جن کے ساتھ اکھیلیش کی بالادستی کیلئے رسہ کشی چل رہی ہے ؟ چیف منسٹر کی واپسی کے بعد سیفائی پہونچے ۔ وہ سیدھے چاؤگرجی قیامگاہ پہونچے ۔ ان کے حامیوں نے ایٹاوہ کی باکیوار کراسنگ پر ان کا استقبال کیا ۔ اکھیلیش کے والد و سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو تاہم سیفائی نہیں گئے اور وہ اتوار کی شام تک لکھنو ہی میں رہے ۔ رام گوپال یادو کے سماجوادی سے اخراج کے بعد اکھیلیش یادو نے ان سے پہلی مرتبہ ملاقات کی ۔ پارٹی ذرائع نے توثیق کی کہ اکھیلیشرام گوپال کی قیامگاہ گئے اور ان سے 40 منٹ تک بات چیت کی ۔ کہا گیا ہے کہ رام گوپال یادو نے اکھیلیش کی تائید کا اعادہ کیا ہے اور 2017 کے اسمبلی انتخابات کیلئے ان سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر اکھیلیش نے ملائم سنگھ کے چھوٹے بھائی راج پال یادو سے بھی ملاقات کی ۔ وہ اپنی پھوپھی سابق ضلع پنچایت صدر نشین پریم لتا یادو کے گھر بھی گئے اور دوپہر کا کھانا کھایا ۔ اکھیلیش نے اپنے ماموں سے بھی ملاقات کی ۔