دیوار کا منصوبہ ترک نہیں کیا گیا : ڈونالڈ ٹرمپ

واشنگٹن 31 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج تردید کی کہ وہ میکسیکو کی سرحد پر کنکریٹ دیوار تعمیر کرنے کے منصوبوں سے دستبردار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دیوار کی تعمیر کے ایک حصے کو یقینی بنایا جائیگا ۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کے سبکدوش ہورہے چیف آف اسٹاف جنرل ( ریٹائرڈ ) جان کیلی نے کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے ابتدائی مرحلہ ہی میں کنکریٹ دیوار کی تعمیر کے منصوبے سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ ٹرمپ نے اس کے جواب میں کہا کہ اس مکمل دیوار کے منصوبے کو خیرباد نہیں کہا گیا ہے ۔ ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ کچھ حصے میں کنکریٹ کی دیوار تعمیر کی جائے گی جبکہ بارڈر پٹرول کے حکام نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ دیوار ایسی تعمیر ہونی چاہئے جس سے سرحد کے دونوں جانب ہونے والی سرگرمیوں کو دیکھا جاسکے ۔ ٹرمپ کا کانگریس سے اصرار ہے کہ 5 بلین ڈالرس کی رقومات فراہم کی جائیں تاکہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کی جائے اور کانگریس میں اس پر مخالفت ہو رہی ہے ۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ میں داخلہ سے روکنے کیلئے دیوار کی تعمیر ضروری ہے ۔ اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی نے اس طرح کے فنڈ فراہم کرنے کی مخالفت کی ہے اور اس نے اس فنڈ کی کانگریس میں منظوری کو روک دیا ہے ۔اس تعطل کے نتیجہ میں اب امریکہ میں تقریبا ایک ہفتے سے وفاقی حکومت کا کام کاج جزوی طور پر متاثر ہوا ہے اور وہاں شٹ ڈاون چل رہا ہے ۔ ڈیموکریٹک لیڈر نینسی پیلوسی نے کہا کہ ان کی پارٹی چاہتی ہے کہ جاریہ ہفتے میں اس شٹ ڈاون کا کوئی ذمہ دارانہ حل دریافت ہوسکے ۔ ڈیموکریٹک پارٹی کو امریکی ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل ہے ۔ پیلوسی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ہیں۔