دہلی کے کارول باغ پارک میں جانور کے اعضاء ملنے کے بعد ہلکی کشیدگی

سنٹرل دہلی کے کارول باغ علاقے میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب مقامی پارک میں جانور کے کاٹے اعضاء دستیاب ہوئے ۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ گائے کے کاٹے ہوئے اعضاء ہیں۔ آرایس ایس کے مقامی لیڈر ویگیش ایسار نے بتایا کہ جانور کے کاٹے اعضاء کی نشاندہی مقامی آر ایس ایس کارکنوں نے کی جو کشن گنج ریلوے کالونی کے مذکورہ پارک میں آر ایس ایس شاکہ اجلاس منعقد کرنے کے لئے پہنچے تھے۔دہلی پولیس فوری حرکت میںآتے ہوئے مقام واقعہ پہنچ کر جانور کے کاٹے اعضاء کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا بھی آغاز کردیا۔پولیس کے اعلی عہدیداراس سلسلہ میں لب کشائی سے گریز کررہے ہیں۔

پولیس عہدیداروں کے مطابق یہ ایک حساس مسئلہ ہے جس کے متعلق تحقیقات کے بعد ہی کچھ بتایاجاسکتاہے۔پولیس کی مختلف کمپنیاں علاقے میں پہنچ کر امن وامان کی برقراری کو یقینی بنانے کاکام کررہے ہیں تو دوسری جانب پولیس کسی بھی قسم کی افواہوں پر دھیان نہ دینے کی عوام سے اپیل بھی کررہی ہے۔دہلی کے سنٹرل او رنارتھ ڈسٹرکٹ علاقوں سے بھی پولیس کی زائد کمپنیاں طلب کی گئی ہیں اور پولیس کے اعلی حکام کے مطابق وہ کسی بھی خدشے سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

آر ایس ایس لیڈر ویگیش ایسار کے مطابق پچھلے چند ماہ میں اس قسم کایہ چھٹا واقع ہے جس کے ذریعہ علاقے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔