دہشت گردی کیخلاف لڑائی میں ہندوستان کو سعودی عرب کی تائید

محمد بن سلمان کا آئندہ ہفتے دورہ ہند
ریاض ۔ 15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے آج کہا کہ وہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی میں ساتھ کھڑا ہے اور جموں و کشمیر میں پاکستان نشین دہشت گرد گروپ جیش محمد کے بزدلانہ خودکش حملہ کی مذمت کی۔ اس حملہ میں کم از کم 40 سی آر پی ایف سپاہی ہلاک ہوئے۔ سعودی عرب کی طرف سے سخت مذمتی بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جبکہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کا آئندہ ہفتے ہندوستان کو سرکاری دورہ مقرر ہے جس میں وہ اعلیٰ ہندوستانی قیادت کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعرات کو جیش محمد کے خودکش بمبار نے زائد از 100 کیلو گرام دھماکو مادہ کے ساتھ اپنی گاڑی کو سی آر پی ایف کی گاڑیوں کے قافلہ میں گھسا دیا جس کے نتیجہ میں ہلاکتوں کے علاوہ کئی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اس دہشت گردانہ حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاض اس دھماکہ پر سخت الفاظ میں ناراضگی ظاہر کرتا ہے جس میں فوجی قافلہ کو نشانہ بنایا گیا۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی نے وزارت خارجہ کے ذریعہ کے حوالہ سے زور دیا کہ سعودی سلطنت اس طرح کے بزدلانہ دہشت گرد حملوں کو مسترد کرتی ہے اور خلیجی سلطنت دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خلاف دوست جمہوریہ ہند کے ساتھ کھڑی ہے۔