دوپہر کو 40 منٹ سے زائد سونا جان لیوا امراض کا باعث

دوپہر کی نیند یا قیلولہ جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند چیز ہے تاہم اس کا دورانیہ زیادہ ہو تو قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔
یہ انتباہ جاپان میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
ٹوکیو یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق دوپہر کو 40 منٹ سے زائد وقت تک سونا مختلف عوارض جیسے ہائی بلڈپریشر، کولیسٹرول میں اضافے، کمر کے اردگرد اضافی چربی کے اجتماع اور ہائی بلڈ شوگر کی شکل میں نکل سکتا ہے جو امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ 40 منٹ سے زائد قیلولہ میٹابولک سینڈروم کا خطرہ بڑھاسکتا ہے۔
محققین کے مطابق دوپہر کی نیند دنیا بھر میں عام ہے اور یہ طبی لحاظ سے فائدہ مند بھی ہے تاہم اس کا دورانیہ زیادہ ہونا امراض قلب کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 40 منٹ سے کم کا قیلولہ بہترین ہے، اس سے زیادہ ہونے کی صورت میں امراض قلب کے خطرے میں ڈرامائی حد تک اضافہ ہوجاتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران ماضی کی 21 تحقیقی رپورٹس کو دیکھا گیا جن میں 3 لاکھ سے زائد افراد میں اس عادت کا جائزہ لیا گیا تھا۔
نتائج سے معلوم ہواکہ جو لوگ 40 منٹ سے کم دورانیے کی نیند لیتے ہیں ان میں کسی قسم کی بیماری کا خطرہ سامنے نہیں آتا تاہم زیادہ دورانیے پر وہ بڑھنے لگتا ہے۔ڈیڑھ گھنٹے کی نیند کے نتیجے میں امراض کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ دن بھر تھکاوٹ الگ طاری رہتی ہے۔
یہ تحقیق امریکن کالج آف کارڈیالوجی کی 65 ویں سالانہ کانفرنس کے دوران پیش  کی گئی۔