دونوں ملکوں کے درمیان جامع مذاکرات شروع کرنے کا وقت آگیا ہے

پاکستان کے قومی دن وزیر اعظم مودی کے پیغام پر عمران خاں کا مثبت ردعمل
اسلام آباد۔/23 مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اپنے ملک کے قومی دن کے موقع پر ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کی طرف سے ارسال کردہ پیغام مبارکبادکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بشمو ل اصل مسئلہ کشمیر دیگر تمام مسائل کی یکسوئی کے لے دونوں ملکوں کے درمیان جامع مذاکرات شروع کرنے کا وقت آگیا ہے۔ نئی دہلی میں سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے قومی دن کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کو پیغام مبارکباد روانہ کیا تھا۔ جس میں دہشت گردی سے پاک و صاف و محفوظ جنوبی ایشیا کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا تھا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ مودی نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ برصغیر کے عوام کے لئے اب وقت آگیا ہے کہ وہ تشدد و دہشت گردی سے آزادی ، پاک و صاف ماحول میں ایک جمہوری ، پرامن ، ترقی پسند اور خوشحال علاقہ بنانے کے لئے مشترکہ طور پر عزم کریں۔ عمران خان نے ایک ٹوئیٹ میں مودی کے پیغام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ بشمول کشمیر تمام باہمی مسائل کی یکسوئی کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان جامع مذاکرات شروع کرنے کا وقت آگیا ہے۔ عمران خان نے جمعہ کو اپنے ٹوئیٹ میں مزید کہا کہ ’’ ہمارے عوام کے نام وزیر اعظم مودی کے پیغام کا میں خیرمقدم کرتا ہوں۔ ایک ایسے وقت جب ہم یوم پاکستان منارہے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ تمام مسائل بالخصوص کلیدی مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی مذاکرات شروع کرنے اور تمام عوام کے لئے امن و خوشحالی کی بنیاد پر نئے تعلقات استوار کرنے کا وقت آگیا ہے۔‘‘ ہندوستان نے پہلے ہی یہ واضح کردیا ہے کہ سرحد پار سے دہشت گرد حملے اور مذکرات بیک وقت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔