دونوں شہروں میں عید الفطر خشوع و خضوع کے ساتھ منائی گئی

عیدگاہ میر عالم پر سب سے بڑا اجتماع۔ مسلمانوں کو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لینے کی تلقین

حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں عیدالفطر انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ منائی گئی۔ شہر میں نماز عیدالفطر سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ میر عالم میں دیکھا گیا جہاں پر لاکھوں کی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی۔ عیدگاہ میرعالم میں نماز عیدالفطر سے قبل مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ اور مولانا سیف اللہ خالد شیخ الادب جامعہ نظامیہ نے فضائل عیدالفطر بیان کئے۔ جبکہ مولانا حافظ محمد رضوان قریشی نے نماز عید کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے اپنے خطاب کے دوران مسلمانوں کو خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کے بجائے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لینے اور احکام الٰہی کی پابندی کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ اُمت پر نامساعد حالات کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن اُمت مسلمہ ایسے حالات میں گھبرانے والی اُمت کا نام نہیں۔ اُنھوں نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران جس طرح عبادات اور رجوع الی اللہ رہنے کا طریقہ کار اختیار کیا گیا تھا۔ اُسی طرح کا طریقہ کار آئندہ گیارہ ماہ کے دوران رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کی مدد اُن لوگوں کے لئے ہوتی ہے جو اللہ سے مدد طلب کرتے ہیں اور اللہ اور اُس کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے احکام کی تعمیل کرتے ہیں۔ مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ نے کہاکہ ماہِ رمضان المبارک اللہ کی طرف سے انعام رہا اور اِس ماہ مبارک کے دوران جو عبادتیں کی گئیں اللہ اُن عبادتوں کو درجۂ قبولیت عطا کرے۔ مولانا سیف اللہ خالد شیخ الادب جامعہ نظامیہ نے اُمت مسلمہ کو ایک دوسرے کے درد اور تکلیف کو محسوس کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ ایک دوسرے کی مدد کے ذریعہ اتحاد اُمت کی بہترین مثال پیش کی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے بعد بھی غرباء و مساکین کی مدد کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے۔