دوسرا ٹسٹ : نیوزی لینڈ کیخلاف انڈیا 239/7 تک محدود

پجارا (87) ، رہانے (77) کے سوا تمام ٹاپ آرڈر بیٹسمین ناکام
کپتان کوہلی 9 پر آؤٹ ۔ ہنری کو سب سے زیادہ 3 ، جیتن پٹیل کو 2 وکٹیں
کولکاتا ، 30 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا کی طاقتور بیٹنگ لائن اپ نیوزی لینڈ کی نپی تلی بولنگ کے باعث ابتدائی جھٹکوں سے سنبھلنے میں ناکام ہوئی اور دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے آج یہاں افتتاحی روز میزبانوں کا اسکور 239/7 تک محدود رہا۔ چتیشور پجارا (87) اور اجنکیا رہانے (77) کے سواء کوئی بھی ٹاپ آرڈر بیٹسمن جم کر نہیں کھیل پایا جبکہ کپتان ویراٹ کوہلی نے تاریخی ایڈن گارڈنس اسٹیڈیم کی نئی پچ پر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا، جہاں ہندوستان کے 250 ویں ہوم ٹسٹ کی میزبانی ہورہی ہے۔ رویندر جڈیجا (0) اور وردھیمان ساہا (14) میزبانوں کی طرف سے ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ 86 ویں اوور کے ختم پر ناکافی روشنی کے باعث کھیل کا اختتام کردیا گیا۔ روی چندرن اشوین کے 26 رنز تیسرا بڑا انفرادی اسکور ہے۔ کیویز کو صبح میں کاری ضرب لگی جب ریگولر کیپٹن اور ٹاپ بیٹسمن کین ولیمسن کو علالت کے سبب میچ کیلئے خارج از امکان قرار دیا گیا۔ تاہم مہمانوں نے بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ پیش کیا ہے۔ میڈیم پیسر میاٹ ہنری اپنے کفایتی 15 اوورز میں 3/35 کے ساتھ بلیک کیاپس کے کامیاب ترین بولر ثابت ہوئے۔ آف اسپنر جیتن پٹیل جنھیں زخمی مارک کریگ کی دستبرداری کے سبب ٹیم میں شامل کیا گیا، انھیں دو وکٹیں حاصل ہوئے۔ ہندوستان اگر تین میچ کی سیریز یہیں جاتا ہے تو وہ آئی سی سی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن دوبارہ حاصل کرے گا۔ تاہم آج اُن کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ٹیم اسکور 50 تک پہنچنے سے قبل ہی وہ اپنے ٹاپ تین بیٹسمنوں سے محروم ہوگئے۔ شکھر دھون 1، مرلی وجئے 9 اور کپتان کوہلی 9 پر آؤٹ ہوگئے۔ 46/3 کی نازک صورتحال سے پجارا اور رہانے کی چوتھی وکٹ کیلئے 141 رنز کی صبرآزما رفاقت آج انڈیا کا بہترین مرحلہ رہا۔ ٹرینٹ بولٹ اور نیل واگنر کو ایک، ایک وکٹ ملی جبکہ اسپنر مچل سانٹنر کو کامیابی نہ ملی۔