دنیا کے انوکھے درخت

بچو!:اللہ تعالیٰ کی عظمت کی نشانیاں کائنات میں ہر طرف بکھری ہوئی ہیں۔ چاہے وہ سورج، چاند اور ستارے ہوں یا رنگ برنگے چرند و پرند۔ ان عظیم نشانیوں میں رنگا رنگ پھول، پودے اور درخت بھی شامل ہیں۔ ان ہزاروں قسموں کے درختوں میں سے چند انوکھے درختوں کے بارے میں ہم آپ کو تفصیل سے بتاتے ہیں۔

سب سے بڑا درخت :امریکی ریاست کیلی فورنیا کی پہاڑی ڈھلوانوں پر اُگنے والا دیو قامت جائنٹ سیکوئیا دنیا کا سب سے بڑا درخت کہلاتا ہے۔ اس درخت کی لمبائی 320 فٹ تک ہوتی ہے، جب کہ اس کے تنے گولائی تقریباً 110 فٹ تک ہوتی ہے۔ اس کا مجموعی وزن 6 ہزار ٹن سے زیادہ ہوتا ہے۔ ماؤنٹ نیشنل پارک میں ایسے ایک درخت کا تنا کاٹ کر اس میں سے سڑک گزاری گئی ہے۔

سب سے اونچا درخت :جائنٹ سیکوئیا جیسا ایک درخت ریڈوڈ کہا جاتا ہے، دنیا کا سب سے اونچا درخت کہلاتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ لمبائی ساڑھے تین سو فیٹ (105 میٹر) تک ہوتی ہے۔ جائنٹ سیکوئیا اور ریڈوڈ کے درخت دنیا بھر میں صرف امریکی ریاست کیلیفورنیا ہی میں اُگتے ہیں۔ ان کی عمر دیڑھ ہزار سال سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ یہ درخت صنوبر کی قسم سے تعلق رکھتے ہیں۔

سب سے موٹا درخت:افریقہ میں پایا جانے والا باؤ بابا گھیراؤ کے لحاظ سے دنیا کا سب سے موٹا درخت کہلاتا ہے۔ اس کے تنے کی گولائی تقریباً 50 سے 70 فیٹ تک ہوتی ہے۔ اس پر سفید پھول لگتے ہیں۔ جو صرف رات کے وقت کھلتے ہیں۔ اس درخت پر پیلے رنگ کے لمبے لمبے پھل بھی لگتے ہیں، جنھیں ترش کدو اور بندروں کی روٹی بھی کہتے ہیں۔ ان کی لمبائی ایک فٹ ہوتی ہے۔ اس پھل کو لوگ کھاتے ہیں اور مختلف مشروبات میں اس کا رس بھی شامل کیا جاتا ہے۔

قدیم ترین نسل کا درخت :کنکگو بلوبا کو سائنس دان دنیا کے قدیم ترین نسل کے درخت تسلیم کرتے ہیں۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ آج سے لاکھوں سال پہلے بھی زمین پر موجود تھے جب یہاں پر ڈائناسور زندہ تھے۔ ان کا وطن چین ہے جہاں سے یہ پوری دنیا میں پھیلے کنکگو کے درخت کی لمبائی تقریباً 60 سے 80 فیٹ تک ہوتی ہے۔ اس کی شاخوں پر خول میں لپٹا ہوا ایک بیج بھی لگتا ہے، جسے بھون کر کھایا جاتا ہے۔ کنکگو کے درخت کے مختلف حصے چینی طب کی دواؤں میں استعمال کئے جاتے ہیں۔ انھیں اب ہومیوپیتھی کے علاوہ دیگر نباتی طبوں میں بھی استعمال کیا جارہا ہے۔

حیرت انگیز درخت :برگد، جنوبی ایشیاء کے ملکوں میں اُگنے والا حیرت انگیز درخت ہے۔ یہ دنیا کا غالباً واحد درخت ہے جس کی داڑھی یا شاخیں زمین میں پہنچ کر ایک الگ درخت کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔ اس کے یہ نئے تنے بڑھتے بڑھتے ایک ہی درخت کے کئی کئی تنے بن جاتے ہیں۔ کیا آپ یقین کریں گے کہ سری لنکا میں بڑ کے ایک قدیم درخت کے 350 بڑے اور 3000 چھوٹے تنے ہیں جو ایک ہی درخت کا حصہ ہیں۔ مغربی بنگال میں ایک باغ ایسا ہے جہاںدرخت کے نیچے سات ہزار آدمی کھڑے ہوسکتے ہیں۔