’دل والے ‘اور ’باجی راؤ مستانی ‘کیخلاف احتجاج

شاہ رخ خاں کیخلاف نعرے ، بھنسالی کی فلم کے شوز منسوخ
ممبئی ۔ /18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ بادشاہ ‘ شاہ رخ خان کی فلم ’دال والے ‘ کی نمائش کے خلاف دائیں بازو کی سخت گیر ہندو تنظیموں کے کارکنوں نے ممبئی اور مدھیہ پردیش کے کئی سنیما گھروں کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ اس دوران بی جے پی کارکنوں نے فلم ’’باجی راؤ مستانی ‘‘ کی نمائش کے خلاف پونے میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے اس فلم میں تاریخ کو مسخ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ پونے میں بی جے پی کارکنوں نے ’’ باجی راؤ مستانی ‘‘ کی کہانی میں ’’پیشوا دور حکمرانی ‘‘ سے متعلق تاریخ کو مسخ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ جس کے بعد سٹی پرائیڈ سنیما گھر میں سنجے لیلا بھنسالی کی اس فلم کے تمام شوز منسوخ کردیئے گئے ۔ ممبئی کے دادر مال میں زبردستی گھسنے والے ہندو سینا کے پانچ کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ۔ جنہوں نے روہت شٹی کی فلم ’ دل والے ‘ کی نمائش کو روک دینے کی دھمکی دی تھی ۔ اس فلم کے اہم اداکاروں میں شاہ رخ کے علاوہ کاجول اور ورون دھون شامل ہیں ۔ عدم رواداری سے متعلق شاہ رخ خان کے حالیہ ریمارکس کے تناظر میں ہندو سینا کے کارکن ’ شاہ رخ خاں مردہ باد ‘ کے نعرے لگائے ۔ مدھیہ پردیش کے تین بڑے شہروں بھوپال ، اندور اور جبلپور کے علاوہ کئی اضلاع میں بھی ’دل والے ‘ کی نمائش کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ تاہم گوالیار میں اس فلم کی نمائش پرامن انداز میں جاری رہی۔